ملک میں اربوں کھربوں لوٹنے والوں کو کوئی پوچھنےوالا نہیں شہباز شریف

ہم نے اپنا کردار نہ بدلا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک November 09, 2017
کرپشن نے ہمارے نظام کوکھوکھلا کردیا ہے، شہباز شریف فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ کس نے اربوں کھربوں لوٹے مگر انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔

لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کے اشعار اور فرمودات زمان اور مکان کی قید سے آزاد ہیں، ان کی شاعری سے پوری دنیا کو روشنی ملتی ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی ہم پستی کا شکار ہیں۔

گزشتہ 70 برس کے دوران ہم نے سب کچھ کیا مگر علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل نہیں کیا، ہم نے اقبال کے اشعار پڑھے، تقاریر کیں لیکن عملی طور پر عام آدمی کو کیا سہولتیں دی، معاشرے میں غریب اور امیر کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے کیا کوششیں کیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں اقرباپروری کو فروغ دیا گیا، احتساب کا عمل ختم ہوچکا ہے، کرپشن نے ہمارے نظام کوکھوکھلا کردیا ہے، آج کرپشن کرنے والے معاشرے میں اشرافیہ کہلاتے ہیں، سب جانتے ہیں کہ کس نے اربوں کھربوں لوٹے مگر انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہم نے اپنا کردار نہ بدلا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ آج شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 140 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سب سےاہم تقریب مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی تھی۔ اس کے علاوہ اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد محمود نے تقریب میں پریڈ کا معائنہ کیا اورچیف آف نیول اسٹاف اور پاک بحریہ کے افسروں کی جانب سے علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں