افغانستان میں پاکستان مخالف غیرملکی عناصر متحرک ہیں دفتر خارجہ

افغانستان میں موجود غیرملکی عناصر پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک November 09, 2017
افغانستان میں موجود غیرملکی عناصر پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ۔ فوٹو : فائل

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بہت سے غیرملکی عناصر متحرک ہیں جو پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتکار نئیراقبال رانا کی شہادت پر افسوس ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور افغان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور پاکستانی سفارتی عملے کا تحفظ اور سیکیورٹی یقینی بنائے۔ افغانستان میں بہت سے غیر ملکی عناصر متحرک ہیں جو پاکستان کے لئے خطرناک ہیں یہی عناصر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند دنوں میں مزید 7 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا اور بھارتی کالے قانون کے تحت حریت قیادت پابند سلاسل ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ان کی امنگوں کے مطابق دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 کشمیریوں پرویز اور پروین آہن کو رافٹو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ان دونوں نے انسانی حقوق کے حوالے سے طویل جدوجہد کی اور پہلی مرتبہ کشمیریوں کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پاکستان مخالف بینرز پر بھی نوٹس لیا گیا اور پاکستان نے برطانوی حکومت سے احتجاج کیا جس پر برطانوی حکومت نے معاملے کی انکوائری کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں