ایم کیوایم کے سید سرداراحمد نے قائدحزب اختلاف کی نشست سنبھال لی۔ فوٹو: پی پی آئی
ISLAMABAD:
سندھ اسمبلی میں سانحہ عباس ٹاؤن کے حوالے سے مذمتی قرارداد متفقہ طورپر منظورکرلی گئی، اجلاس کے دوران ایم کیوایم کے سید سرداراحمد نے قائدحزب اختلاف کی نشست بھی سنبھال لی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی ہوئی۔ جس کے بعد اسپیکر کی رولنگ کے بعد سید سردار احمد نے قائد حزب اختلاف کی نشست سنبھال لی۔
اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے ارکان نے سانحہ عباس ٹاؤن پراحتجاج کرتے ہوئے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا۔ ایم کیو ایم اور حکومتی ارکان کی جانب سے سانحہ عباس ٹاؤن پر مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔ جس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قرارداد کا مطالبہ کیا گیا، قائد حزب اختلاف سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ 3 دن گزرنے کے باوجود اس سانحے میں کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار تک نہیں کیا گیا۔ ایوان نے بحث کے بعد مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جس کے بعد اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔