وزیراعظم اور آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

بھارت کی جانب سے عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے غیر پیشہ وارانہ طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک November 10, 2017
پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

PESHAWAR: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں انہیں ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جب کہ ان کے ہمراہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو چری کوٹ سیکٹر پر لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔



آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل او سی پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے غیر پیشہ وارانہ طرز عمل کی مذمت کی اور لائن آف کنٹرول کے سرحدی دیہات میں رہنے والوں کے عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ٹانگ سے محروم لڑکی کو راولپنڈی میں بحالی کے فوجی ادارے میں بجھوانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے سویلین آبادی کو بھارتی فائرنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے بنکرز تعمیر کرنے کے فنڈز کی منظوری بھی دی۔



وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی آرمی پاک فوج کے برابر نہیں جب کہ مادر وطن کے دفاع اور آزاد کشمیر کے شہریوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔