سعدرفیق کا فاروق ستار کو فون مسلم لیگ کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا

وفاقی حکومت ایم کیو ایم کی جائز شکایت کے ازالے کی مؤثر کوشش کرے گی، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق


ویب ڈیسک November 10, 2017
وفاقی حکومت ایم کیو ایم کی جائز شکایت کے ازالہ کی کوشش کرے گی، سعد رفیق - فوٹو: فائل

وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد اور کراچی کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ فاروق ستار نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا

اس موقع پر وفاق وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا قومی دھارے میں سیاست کرنا پرامن جمہوری عمل اور ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ سعد رفیق نے فاروق ستار کو وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی پیکیج پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم کی جائز شکایت کے ازالے کی مؤثر کوشش کرے گی۔

دوسری جانب فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دباؤ، زبردستی کی سیاست سے ہمیشہ نقصان پہنچا ہے ، دباؤ کے اقدامات استحکام اور امن کے عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں جب کہ کراچی میں پائیدار امن کا قیام اور پر امن جمہوری عمل کا تسلسل تمام فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور صوبے کی ترقی اور امن وامان کے استحکام کے لئے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔