نگراں وزیراعظم کیلئے 3نام فائنل کر لیے کل وزیر اعظم کو خط لکھ دونگا چوہدری نثار

سندھ اور بلوچستان میں مشاورت سے نگران حکومتیں قائم نہ ہوئیں توپنجاب اسمبلی کی برخاستگی کا فیصلہ(ن) لیگ کرے گی۔


ویب ڈیسک March 06, 2013
حکومت نے اسمبلیوں کی تحلیل سے 10 روز قبل اپنے اتحادیوں کو حکومتی بینچوں سے اٹھا کروفاق اورسندھ میں اپوزیشن نشستوں پر بٹھا دیا، چوہدری نثار۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لئے 3 نام فائنل کر لیے ہیں اوراس حوالے سے وہ کل وزیراعظم کو خط لکھیں گے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعظم کے لئے آئینی و قانونی طور پر بطور اپوزیشن لیڈر کسی سے مشاورت کا پابند نہیں لیکن ہم نے پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ان جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جو پارلیمنٹ میں نہیں اوراس حوالے سے تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لئے 3نام تجویز کیے گئے ہیں جن میں رسول بخش پلیجو، جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد اور جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب مسلم لیگ (ن) ملک کے مفاد کی خاطر ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جو جمہوریت کے لئے مفید ہو دوسری جانب حکومت کی جانب سے انتخابات کو چرانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکومت نے صرف 10 روز قبل اپنے اتحادیوں کو حکومتی بینچوں سے اٹھا کروفاق اورسندھ میں اپوزیشن نشستوں پر بٹھا دیا اور بلوچستان میں بھی ایسا ہی ڈرامہ رچانے کی کوشش ہورہی ہے تاکہ ان دونوں صوبوں میں الیکشن کو چرایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ(ن) ملک بھرمیں ایک ہی دن انتخابات چاہتی ہے لیکن اگر سندھ اور بلوچستان میں وسیع تر مشاورت اور اتفاق رائے سے نگران حکومتیں قائم نہ ہوئیں توپھر پنجاب اسمبلی کس دن برخاست ہوگی اس کا فیصلہ(ن) لیگ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |