حدیبیہ کیس کا دوبارہ اجرا ناانصافی ہے سعد رفیق

سیاسی جماعتیں بنانے توڑنے کا مشغلہ ترک کرنا ہوگا جبکہ مشرف کو متبادل قیادت بنانے کی کوشش ناکام ہوگی، وزیر ریلوے

ایم کیوایم اور پی ایس پی کا انجنیئرڈ ملاپ 24 گھنٹےمیں ناکام ہوگیا، وزیر ریلوے۔ فوٹو: فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں بنانےاورتوڑنےکامشغلہ ترک کرنا ہوگا جب کہ مشرف کو متبادل لیڈر کے طور پر لانے کی کوشش ناکام ہوگی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کا انجنیئرڈ ملاپ 24 گھنٹے میں ناکام ہوگیا، سیاسی جماعتیں بنانے اور توڑنے کامشغلہ ترک کرنا ہوگا، جبکہ قومی سیاست کا فیصلہ ایوانوں میں نہیں بلکہ گلیوں بازاروں میں ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ختم شدہ حدیبیہ کیس کا دوبارہ اجرا ناانصافی ہے، ہم تکلیف کے باوجود تحمل سے کام لےرہے ہیں، ناانصافی، زیادتی اور غیر قانونی اقدامات سے گریز کیا جائے، کیونکہ محاذ آرائی ہوئی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔




خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ غاصب پرویزمشرف کو متبادل لیڈر کے طور پر سامنےلانے کی کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی، نئے عوامی فیصلےکا انتظار کیا جائے، ناانصافی اور بدگمانی قوم کو منزل سے دورکردے گی، جبکہ مقدمات کے ذریعے مسلم لیگی قیادت کو جکڑنےاور بدنام کرنے کے منصوبے بھی ناکام رہیں گے۔

Load Next Story