ڈی جی خان عدالت نے دربار سخی سرور پر حملے میں ملوث ملزمان کو سزا سنادی

خودکش دھماکے میں ملوث ایک ملزم کو 52 مرتبہ پھانسی جبکہ دوسرے کو 1300 سال قید کی سزا سنائی گئی۔


ویب ڈیسک March 06, 2013
3 اپریل 2010 کو سخی سرور دربار پر 2 خود کش حملوں میں 52 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دربار سخی سرور بم دھماکا کیس میں ایک مجرم کو 52 مرتبہ پھانسی اور کم عمر مجرم کو 1300 سال قید کی سزا سنادی جبکہ 4 ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا۔

سینٹرل جیل میں دربار سخی سرور بم دھماکا کیس کی سماعت کے بعد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج آصف مجید اعوان اور چوہدری محمد حفیظ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے مجرم بہرام عرف صوفی بابا کو 52 مرتبہ سزائے موت جب کہ حملہ آور عمر فدائی کو کم عمری کے باعث 1300 سال قید کی سزا سنائی، عدالت نے 4 ملزمان حاکم جان، بشیر، اصغر اور فاروق کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔

بارڈرملٹری پولیس نے دربار سخی سرور پر حملے میں ملوث خودکش حملہ آور عمر فدائی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر بہرام خان عرف صوفی بابا سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ 3 اپریل 2010 کو سخی سرور دربار پر 2 خود کش حملوں میں 52 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں