نوازشریف کے بعد اب شہبازشریف کی باری ہے عمران خان

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی عام انتخابات کا فوری اعلان کریں، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 11, 2017
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی عام انتخابات کا فوری اعلان کریں، چیئرمین پی ٹی آئی - فوٹو : فائل

ISLAMABAD: چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نااہل ہوگئے ہیں جو اب واپس نہیں آئیں گے اور ان کے بعد اب شہباز شریف کی باری ہے۔

تونسہ شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، حکومت کے وزیر بڑے مجرم کو 40 گاڑیوں کا پروٹو کول دیتے ہیں، ملک کا وزیر خزانہ لندن میں بیٹھا ہے، خواجہ آصف دبئی کی فرم سے 50 ہزار درہم لے رہے ہیں، وزیرداخلہ بھی سعودی عرب کا اقامہ لے کر بیٹھا ہوا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جا چکے وہ اب کبھی واپس نہیں آئیں گے اور اب شہبازشریف کے جانے کی باری ہے کیوں کہ حدیبیہ پیپرکیس کھل گیا ہے جب کہ شاہد خاقان عباسی کس طرح آپ قوم کے مجرم کو وزیراعظم مانتے ہیں، یا تو آپ کے اندر اخلاقیات مرگئی ہے یا آپ بھی کرپٹ ہو جو عوام کے ٹیکس پر چل رہا ہے اسے پنجاب ہاؤس میں ٹھہراتے ہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی اس پارٹی کے لیڈر کو ووٹ نہ دیں جس کا پیسا ملک میں نہ ہو اور جب تک ہم اپنا پیسا چوری ہونے سے نہیں روکیں گے وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا، نواز اور زرداری کی طرح پیسا ملک سے باہر لے جانے والوں کو سزائیں دیں گے اور ان کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہروں میں آلودگی ہے اور پینے کا صاف پانی نہیں ملتا، 70 فیصد لوگ دیہات میں رہتے ہیں لیکن ہم دیہات میں ہی روزگار کے مواقع دیں گے، کسانوں کی مدد کریں گے اور اسکول بھی بنائیں گے، نمل یونیورسٹی میں 95 فیصد طالب علم اسکالر شپ پر ہیں اور تونسہ میں بھی نمل جیسی یونیورسٹی بنائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہےکہ ملک کی بہتری کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عام انتخابات کا فوری اعلان کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں