ایشا گپتا نئی فلم میں آئٹم سانگ کی دھوم مچانے کیلیے تیار

کرینہ کپور اور عمران خان کی فلم ’’گوری تیرے پیار میں‘‘ نرگس فخری کی جگہ ایشا گپتا کو آئٹم سانگ کے لیے کاسٹ کرلیا گیا۔


Showbiz Desk March 06, 2013
فلمساز کرن جوہر کی فلم کے آئٹم سانگ کے لیے تیار ہوں، گیت پر یادگار پرفارمنس دیکر شائقین کے دل جیتنے کی کوشش کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے نئی فلم میں آئٹم سانگ کی دھوم مچانے کی تیاری کرلی۔

اداکارہ ایشا گپتا کو ہدایتکار پونیت ملہوترا کی رواں سال 15نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ''گوری تیرے پیار میں ''کے آئٹم سانگ کے لیے اداکارہ نرگس فخری کی جگہ کاسٹ کیا گیا ہے ۔اداکارہ ایشا گپتا نے فلم کے آئٹم سانگ کے لیے ابتدائی طور پر ریہرسل کا آغاز کردیا ہے۔ اداکارہ کو نرگس فخری کی جانب سے اس خصوصی گیت کے لیے وقت نہ دینے پر کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔عمران خان اور کرینہ کپور کی اس فلم کے گیت کے لیے انھیں پیشکش کی گئی تو انھوں نے حامی بھرلی معاملات طے پاگئے ہیں اور اب ایشا گپتا فلم کے آئٹم سانگ کو یادگار بنانے کی تیاری کررہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلمساز کرن جوہر کی اس فلم کے آئٹم سانگ کے لیے تیار ہوں، گیت پر یادگار پرفارمنس دیکر شائقین کے دل جیتنے کی کوشش کروں گی۔ قبل ازیں بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہا ہے کہ ہمیشہ بھٹ فیملی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رہتی ہے، مہیش بھٹ کی مہربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی ،فلم ''جنت ٹو ''اور ''راز تھری''میں پرفارمنس کے مواقع انھی کی بدولت ملے ان کی شکر گزار ہوں جہاں بھی جائوں گی انھیں یادرکھتی ہوں اور ہمیشہ اچھے لفظوں میں یاد رکھوں گی ۔آیندہ بھی اچھی فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں ۔بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہا ہے کہ نئی فلم میں پھر ایکشن کردار نبھائوں گی،پولیس افسر بن کر دیکھ لیا۔

اداکارہ نے کہا کہ فلم ''چکراویو''میں پولیس افسر کے کردار میں پسند کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ آیندہ فلموں میں بھی ایکشن کردار نبھانا چاہتی ہوں ۔''چکرویو''میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں تاہم اب ایسی فلم کرنے کی خواہش ہے جس میں مجھے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہو اور یہ کردار بھی ایکشن ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ زندگی کی یہ بڑی خواہش ہے کہ ایسی فلم میں ایکشن کردار نبھائوں جو خطرات سے بھری ہو اور اس کے ہر سین میں مجھے نئے خطرے کا سامنا ہو جس سے نمٹنے کے لیے میرا ایکشن کردار بھی انتہائی جاندار ہو ،اس کام کے لیے میں نے خود کو تیار کرلیا ہے۔

1

اداکارہ نے کہا کہ فلم ''جنت ٹو ''اور ''راز ''تھری میں بھی جاندار پرفارمنس دی ہے اور ان فلموں کو دیکھنے والے اب اس حوالے سے رائے دیں گے،کیونکہ اچھی پرفارمنس دیکر فیصلہ شائقین پر چھوڑ دیا ہے۔ 28 نومبر 1985 کو بھارت میں پیدا ہونے والی اداکارہ ایشا گپتا نے 2007 میں مقابلہ حسن میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا اور مس انڈیا قرار پائیں ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ 2007 کے دوران ہی ماڈلنگ سے کیرئیر کا آغاز کردیا۔اس عرصہ میں متعدد فیشن شوز میں حصہ لیا اور ریمپ پر واک کرنے کے ساتھ کمرشلز بھی کیں۔ واضح رہے کہ 2012 میں فلم ''جنت ٹو ''میں عمران ہاشمی کے ساتھ رومانوی کردار نبھایا اس فلم میں ایشا کو لیڈ لیڈی رول میں کاسٹ کیا گیا۔

اداکارہ ایشا گپتا کو فلمساز مکیش بھٹ کی اس فلم کے لیے اہم کردار ملا ،اس فلم کے ہدایتکار کنال دیش مکھ تھے ۔میوزک پریتم کاتھا ،اور شگفتہ رفیق نے اس فلم کی کہانی لکھی تھی۔ ایشا کا کردار بھی اس کی شخصیت کے تحت الاٹ کیا گیا ۔جس میں ایشا نے عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد فلم ''راز تھری ''میں بھی عمران ہاشمی اور ایشا گیتا کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا گیا ۔اداکارہ نے اس ہارر فلم میں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو بے حد متاثر کیا ۔اس فلم کے ہدایتکار وکرم بھٹ تھے ۔جب کہ مہیش بھٹ نے یہ فلم پروڈیوس کی۔

یہ فلم بھی شگفتہ رفیق نے ہی تحریر کی ہے ۔جب کہ اس فلم میں ایشا گپتا اور عمران ہاشمی کے ساتھ اداکارہ بپاشاباسو کا کردار بھی اہم رہا ۔اس کے بعد بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے 24 اکتوبر 2012 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار و فلمساز پرکاش جھا کی فلم ''چکراویو''میں اہم کردار نبھایاہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس فلم کے کردار کو پرفارم کرکے اسے حقیقی خوشی ہوئی ہے کیونکہ ایشا کے مطابق وہ ایسے ہی کردار پرفارم کرنا چاہتی ہیں۔ اس طرز کے کرداروں میں جلوہ گر ہونے کی خواہش رکھنے والی اداکارہ کو مزید فلموں میں اب ایکشن کردار دینے کی بھی آفرز ہورہی ہیں ۔بالی وڈ اداکارہ کی نئی فلموں میں ایکشن کردار نبھانے کی خواہش نے اب ان کے مزید فلموں میں کام کرنے کے لیے بھی راستے ہموار کردیے ہیں۔

اکثر اداکارائیں خطراناک سین فلمانے سے گھبراتی ہیں اور ان حالات میں ایشا کی جانب سے خطروں کے ساتھ کیھلنے کی خواہش انھیں منفرد بناتی ہے۔ بالی وڈ کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا کی اٹھان اچھی ہے اور انھیں کامیاب ہدایتکارو فلمساز جوڑی نصیب ہوئے ہیں جس کے سبب وہ آتے ہی اچھی فلموں میں نمایاں کام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا اداکاری کے فن کو سمجھتی ہیں اورانھیں اپنا کردار نبھانے کا سلیقہ بھی آتا ہے ۔دہلی کے ماحول میں زندگی کے ابتدائی ایام گزارنے والی ایشا گپتا کا اپنا بھی یہی خیال ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کو عمدگی کے ساتھ پیش کرکے اپنا ایک منفرد مقام بنانے میں کامیاب رہیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اب آنیوالی فلم کے لیے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کی جدوجہد کررہی ہوں ۔بالی وڈ میں قلیل عرصے کے دوران اپنی پرفارمنس کا جادو جگانے والی ایشا گپتا کی تینوں نئی فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں ۔اداکارہ ان فلموں کی کامیابی پر بھی خوش ہے اور کہتی ہیں کہ انھیں توقع ہے کہ نئے انداز اختیار کرنے پر ان کی پرفارمنس میں بھی دلکشی پیدا ہوگی اور یہی چیز انھیں دوسری فنکارائوں سے الگ اپنی شناخت بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں