انضمام الحق نے فواد عالم کو ایک بار پھر سہانے خواب دکھا دیے

نظرانداز شدہ بیٹسمین کو بوقت ضرورت آزمانے کی پرانی بات پھر دہرانے لگے


Sports Reporter November 12, 2017
عثمان شنواری کی انجری تشویشناک قرار، عماد وسیم کے جلد فٹ ہونے کی توقع ظاہر۔ فوٹو: فائل

چیف سلیکٹر نے نظرانداز شدہ بیٹسمین کو بوقت ضرورت آزمانے کی پرانی بات پھر دہرا دی جب کہ انھوں نے پیسر عثمان شنواری کی انجری کو تشویشناک قرار دیدیا۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاکہ فواد عالم ایک باصلاحیت بیٹسمین ہیں، ٹیم کمبی نیشن میں جہاں ضرورت ہوئی ان کو موقع دیںگے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سے ملکی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا، اس میں نوجوان کرکٹرز کو انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا بہترین موقع ملتا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں دباؤ برداشت کرنے اور حوصلہ مندی کا مظاہرہ کرنے والوں کو کامیابی ملتی ہے جب کہ ناکامی سے ڈرنے والا کبھی بڑا کھلاڑی نہیں بن سکتا۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ ٹیم میں ایسا نیا ٹیلنٹ سامنے لائیں جو جدید کرکٹ میں حریفوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکے، ٹیم میں شامل کیے جانے والے نوجوان کھلاڑیوں کا اچھی کارکردگی دکھاناخوش آئند ہے۔

ایک سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ آل راؤنڈر عماد وسیم کے گھٹنے کی انجری زیادہ خطرناک نہیں،امید ہے کہ وہ جلد فٹنس کی بحالی کے بعد ایکشن میں نظر آئیں گے لیکن عثمان شنواری کی رپورٹ اچھی نہیں آئی۔

یاد رہے کہ پیسر یواے ای میں سری لنکا کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہی کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے،ماضی میں بھی ان کے فٹنس مسائل سامنے آتے رہے ہیں جب کہ ذرائع کے مطابق عثمان کا کیریئر ہی خطرات سے دوچار ہوگیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں