مطالبات کی عدم منظوری کلرکوں نے13مارچ سے ہڑتال کا اعلان کر دیا

کراچی سے کشمور تک دفاتر کو تالے لگا دیں گے، حکومت نے 5 سا ل میں کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، مراد چاچڑ، اجلاس سے خطاب


Nama Nigar March 07, 2013
ایپکا نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہ مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائے۔

آل پاکستان کلرک ایسو سی ایشن سندھ کا اجلاس صوبائی صدر مراد علی چاچڑ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں حیدرآباد، گھوٹکی، کشمور، کندھ کوٹ، میر پورخاص، سانگھڑ، مٹیاری سمیت دیگر اضلاع کے عہدیدراں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ایم اے بھرگڑی نے قرار دار پیش کرتے ہوئے سانحات عباس ٹاؤن، جیکب آباد، حاجن شاہ درگاہ شکار پور میں جاں بحق افراد کیلیے دعا و فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں مراد علی چاچڑ نے کہا کہ حکومت 2009 سے پے اینڈ پنشن کمیٹی بنانے کے دلاسے دے رہی ہے، حکومت نے اپنے5سالہ دور میں کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، ٹائم اسکیل، بہبود فنڈ، گروپ انشورنس، ملازمین کی اولادوں کو ماسٹر ڈگری تک اسکالر شپ دینے، میڈیکل الاؤنس سو فیصد کرنے، ہاؤس رینٹ 20 فیصد بڑھانے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔



جس پر ایپکا کراچی سے کشمور تک13 مارچ کو تمام دفاتر کی تالا بندی اور ہڑتال کرے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہ مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو ٹی اے ڈی اے دیاجائے اور دیگر مطالبات منظور کیے جائیں، جب تک مطالبات منظور نہیں کیے جاتے، ایپکا احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین ذوالفقار علی شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں