کراچی میں واٹر ٹینکر نے 3 بہن بھائی کچل دیے

موٹر سائیکل پر بھائی جبار کے ہمراہ مدرسے جانیوالی قرۃ العین اورزیب النسا ٹینکرتلے آگئیں

ٹینکرڈرائیور موقع سے فرارہوگیا،شہریوں نے کلینر کو پکڑلیا۔ فوٹو: ایکسپریس

شاہ فیصل کالونی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں واٹر ٹینکر موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹینکر کے نیچے دب کر موٹر سائیکل سوار بھائی اور 2 بہنیں جاں بحق ہوگئیں۔

شاہ فیصل کالونی نمبر 5 پر تیز رفتار 14 وہیلر واٹر ٹینکر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا، ٹینکر کے نیچے دب کر موٹرسائیکل سوار بھائی اور 2 بہنیں جاں بحق ہوگئیں، حادثے کا منظر دیکھ کر موقع پر موجود شہریوںکی چیخیں نکل گئیں تاہم شہریوں کو مشتعل دیکھ کر ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ راہ گیر شہریوں نے واٹر ٹینکر کے کلینر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

حادثے کے بعد جب ٹریفک اہلکار موقع پر پہنچا تو مشتعل شہریوں نے اسے زدو کوب کیا جو مشتعل افراد کے چنگل سے نکل کر بھاگ گیا شہریوں اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 20 منٹ کی جدوجہد کے بعد تینوں لاشیں نکال کر جناح اسپتال منتقل کیں، مشتعل شہریوں نے ٹریفک پولیس کے خلاف نعرے لگائے کہ 14 ویلر ٹینکر دن کے اجالے میں کیوں رہائشی علاقے میں داخل ہوا۔

ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی اے ڈی چوہدری اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو یقین دہائی کرائی کہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد مشتعل افراد منتشر ہوگئے، واٹر ٹینکر کو کرین کے ذریعے تھانے منتقل کردیا گیا۔


متوفیان کی شناخت 20 سالہ عبدالجبار ولد عبدالسبحان اس کی بہن 13 سالہ قرہ العین اور 12سالہ بہن زیب النسا کے نام سے ہوئی ہے پولیس نے قانونی کارروائی اور اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں متوفیان شاہ فیصل کالونی نمبر 3 کے رہائشی تھے۔

متوفیان کے رشتے دار نے بتایا ہے کہ متوفیان بہنوں نے مدرسے سے قرآن پاک حفظ کیا تھا دونوں بہنیں بھائی کے ہمراہ سرٹیفکیٹ لینے مدرسے جارہی تھیں کہ حادثے کا شکار ہوگئیں ایک ہی گھر میں 3 بہن بھائیوں کی لاشیں پہنچنے پر کہرام مچ گیا علاقے میں سوگ کی فضا تھی، دکانداروں نے دکانیں بند کردیں تینوں بہن بھائیوں کی نماز جنازہ رہائش گاہ کے قریب واقع مسجد میں ادا کی گئی جبکہ انھیں عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کے مطابق دن کے اجالے میں 22 ویلر واٹر ٹینکر تک چلانے کی اجازت ہے یہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور لاپرواہی نہیں ہے۔

Load Next Story