اذلان شاہ کپ ہاکی پاکستانی شاہینوں نے ملائیشیا میں ڈیرے ڈال دیے

طویل ترین سفر کے باوجود کھلاڑیوں نے ایپوہ میں ٹریننگ شروع کردی،نئے پلیئرزپرمشتمل ٹیم قوم کومایوس نہیں کرے گی، اختررسول


Sports Reporter March 07, 2013
بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے(کوچ) اصل ہدف 2014 ورلڈ کپ ہے(کپتان عمران) پاکستان ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ڈیرے ڈال دیے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم لاہور سے ساڑھے 9 گھنٹے کا سفر کر کے کوالالمپور پہنچی جہاں براستہ بس پانچ گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے بعدایپوہ میں قدم جمائے، 14گھنٹے سے زائد وقت سفر میں گزارنے کے باوجود گرین شرٹس نے گزشتہ شام کے سیشن میں اسٹیڈیم میں پہنچ کر ٹریننگ کی۔ چیف کوچ اختر رسول کی سربراہی میں تربیت حاصل کرنے والوں میں ٹیم میں محمد عمران (کپتان) کے علاوہ گول کیپر عمران بٹ، عمران شاہ، فل بیک محمد عرفان سینئر، محمد عتیق ہاف بیک رضوان جونیئر، فرید احمد، عامر شہزاد، محمد توثیق، تصور عباس، شفقت رسول، محمد عمران جونیئر،کاشف علی اور عرفان جونیئرشامل ہیں۔

کھلاڑی ٹریننگ کا سلسلہ آج بھی جاری رکھیں گے ۔دوسری جانب 5 مارچ کی رات کو لاہور سے کوالالپمور روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اختررسول نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم قوم کو مایوس نہیں کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ نئے کھلاڑی آزمانے کے لیے اس ٹورنامنٹ سے بہتر اور کوئی موقع نہیں تھا، کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے ، ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔اختر رسول نے کہا کہ ٹورنامنٹ اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

1

انھوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے خلاف میچز سخت ہوں گے لیکن کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے۔ کپتان محمد عمران کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کا اصل ہدف 2014 کا ورلڈ کپ ہے ،نئے کھلاڑی آزمانے سے ہاکی ٹیم کیلیے کھلاڑیوں کے پول میں اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ 9 مارچ سے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ بلیو ٹرف پر کھیلاجائیگا جس میں دنیا ئے ہاکی کی 6 ٹاپ ٹیمیں شرکت کرینگی جن میں مزبان ملائیشیا کے علاوہ آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور کوریا حصہ لیں گی۔

ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 9 مارچ ، دوسرا میچ 10 مارچ کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 12 مارچ کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں چوتھا میچ 14 مارچ کو کھیلا جائیگا جس میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی 16مارچ کو پانچواں میچ کوریا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پہلی، دوسری، تیسری، چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشنز کے لیے میچز 17 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں