سوان کی کہنی جواب دے گئی امریکا میں آپریشن ہوگا

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے، ایشز میں شرکت خطرے میں پڑگئی۔


Sports Desk March 07, 2013
نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے، ایشز میں شرکت خطرے میں پڑگئی۔ فوٹو: فائل

انگلش آف اسپنر گریم سوان کہنی کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، وہ اگلے ہفتے سرجری کے لیے امریکا جائیں گے۔

ایک روز قبل ہی سوان نے اپنے اخباری کالم میں تکلیف کا ذکر کرنے کے ساتھ جولائی میں شیڈول ایشز سیریز سے باہر ہونے کا خطرہ بھی ظاہر کیا تھا۔ گذشتہ روز جب ٹاس کے موقع پر انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ کیلیے الیون کا اعلان کیا تو اس میں حیران کن طور پر سوان کا نام شامل نہیں تھا، بعد ازاں آفیشلز نے انجری کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کردیا کہ بولر کو سرجری کی ضرورت ہے۔

5

کپتان الیسٹر کک نے کہا کہ سوان کیلیے تکلیف کے ساتھ پانچ دن تک کھیلنا ممکن نہیں تھا۔ ان کی جگہ مونٹی پنیسر کو دی گئی جبکہ باقی سیریز کیلیے جیمز ٹریڈویل اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ واضح رہے کہ آف اسپنر نے اس سے قبل 2009 میں بھی اسی دائیں کہنی کی سرجری کرائی تھی مگر انھیں اس سے نجات نہیں مل سکی ہے۔ گریم سوان کو گذشتہ ہفتے چار روزہ وارم اپ میچ کے دوران بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے انھیں فیلڈ چھوڑنا پڑگئی تھی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گریم سوان دائیں کہنی کی سرجری کے لیے اگلے ہفتے امریکا روانہ ہوں گے ، ری ہیبلی ٹیشن کے بعد ان کی موسم گرما کے سیزن کے آغاز میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی ہوگی ۔ سوان کی سرجری بھی اسی اسپتال میں ہوگی جہاں سے حال ہی میںفاسٹ بولر ٹم بریسنن نے اپنی کہنی کا آپریشن کرایا ہے۔ آپریشن اور اس کے بعد صحت کی بحالی کے مرحلے سے گزرنے کی وجہ سے سوان کی جون میں چیمپئنز ٹرافی اور جولائی میں شیڈول ایشز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں