ویمنز ٹرافی پنجاب اور زرعی بینک میں آخری معرکہ ہوگا

زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم آج ٹائٹل کا دفاع کرے گی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


Sports Reporter March 07, 2013
بلوچستان سے شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ نے پنجاب کو فائنل میں پہنچایا۔ فوٹو : فائل

دوسری شہید بینظیر بھٹو ویمنز کرکٹ چیلنج ٹرافی میں پنجاب اور زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیموں نے فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

فیصلہ کن معرکہ آج قذافی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو خواتین کرکٹ چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔4 مارچ کو لاہور میں شروع ہونے والے ایونٹ میں دفاعی چیمپئن زیڈ ٹی بی ایل، بلوچستان، فیڈرل کیپیٹل، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم مسلسل دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد5 مارچ کو ہی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم پنجاب نے گذشتہ روز بلوچستان کے ہاتھوں 8 وکٹوں کے باوجود بہترین رن ریٹ کی بنا پر فیصلہ کن مرحلہ کے لیے کوالیفائی کیا۔ گذشتہ روز بھی قذافی اسٹیڈیم میں 2 میچز کھیلے گئے۔

بلوچستان نے یکطرفہ مقابلے میں پنجاب کو 8وکٹوں سے زیر کیا جبکہ فیڈرل کیپیٹل نے خیبرپختونخوا کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور قذافی اسٹیڈیم کی طرف آنے والی سڑک پر رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں۔ پہلے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے پنجاب کو 8 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کیا، فاتح ٹیم نے مقررہ20 اوورز میں7 وکٹ پر102 رنز بنائے، ناہید خان نے47 گیندوں پر52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 بائونڈریز بھی شامل تھیں، فرح نعیم نے23 اسکور کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا، الزبتھ برکت نے9 اور نمرا عمران نے19 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

6

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر94 رنز ہی بنا سکی، عائشہ قاضی نے38 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے27 رنز بنائے، ارم جاوید 25 گیندوں پر20 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں، صباحت رشید نے12 اور شمائلہ قریشی نے14رنز دیکر 2,2 وکٹوں کا بٹوارہ کیا۔ بلوچستان کی ناہید خان کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین پلیئرکا ایوارڈ دیا گیا۔میچ میں امپائرنگ محمد آصف اور رفعت مصطفیٰ نے کی، ٹی وی امپائر جاوید اشرف اور میچ ریفری شاہد بٹ تھے۔ مقابلوں میں پنجاب ٹیم کی یہ پہلی شکست تھی، اس ہار کے باوجود میزبان ٹیم بہتر رن ریٹ کی بنا پر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

یہاں پر اس کا سامنا آج زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم سے ہوگا، یہ مقابلہ قذافی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں فیڈرل کیپیٹل ٹیم نے خیبر پختونخوا کو 9 وکٹوں سے روند ڈالا۔ فاتح ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر کے پی کے کو بیٹنگ کروائی اور پوری ٹیم کو صرف67 رنز پر ڈھیر کردیا، نائلہ نذیر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے19 رنز کے عوض 4 شکار کیے، مریم حسن نے 9 رنز دیکر 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بدر النساء نے39 گیندوں پر17 رنز کیساتھ تھوڑی بہت مزاحمت کی۔

فیڈرل کیپیٹل نے مطلوبہ ہدف 12 اوورز میں صرف ایک وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا، مریم حسن نے 34 اور مدیحہ رشید نے29 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراش کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کی بہترین کھلاڑی نائلہ نذیر قرار پائیں، انھوں نے2 وکٹیں لینے کے بعد34 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیلی تھی، میچ میں امپائرنگ کے فرائض سہیل جعفر اور کوثر شاہ نے انجام دیئے جبکہ ٹی وی امپائر محمد آصف اور میچ ریفری شاہد بٹ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں