دھماکے میں چکن سینٹر کے 3 ملازمین بھی جاں بحق ہوئے

احباب تبسم کو سرگودھا اور عبدالستار کو قصور کے قبرستانوں میں سپرد خاک کیا گیا.


Staff Reporter March 07, 2013
احباب تبسم / عبدالستار ۔ فوٹو : فائل

سانحہ عباس ٹاؤن بم دھماکے میں بسم اﷲ چکن سینٹر اور سپر فائیو چکن سینٹر پر کام کرنے والے 3 ملازمین بھی جاں بحق ہوئے ۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سرگودھا ، قصور اور رحیم یار خان سے تھا ، تفصیلات کے گزشتہ اتوار کو ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب واقع رہائشی اپارٹمنٹس اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کی درمیانی سڑک پر کیے جانے والے بم دھماکے نتیجے میں اقرا سٹی میں قائم بسم اﷲ چکن سینٹر شاپ نمبر 103میں کام کرنے والے 31سالہ احباب تبسم ولد محمد اشتیاق اور32 سالہ عبدالستار ولد نصرو بھی جاں بحق ہو گئے ، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے احباب تبسم کو سرگودھا کے علاقے رحمن پور جبکہ عبدالستار کو ضلع قصور کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتول احباب تبسم کے قریبی عزیز مصطفی قیصر نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول احباب تبسم 8 سال قبل کراچی آئے تھے اور8 سال سے ہی بسم اﷲ چکن سینٹر پر کاریگر کے طور پر کام کر رہے تھے، انھوں نے بتایا کہ مقتول کی 4 سال قبل شادی ہوئی تھی اور 2 سالہ بیٹی فائزہ کے باپ تھے، انھوں نے بتایا کہ مقتول 5 بہن بھائیوں پر چوتھے نمبر پر تھے، انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں مقتول بری طرح جھلس گئے تھے اور مقتول نے دھماکے سے کچھ منٹ پہلے اپنی اہلیہ سے موبائل فون پر بات کی تھی اور جلد گھر آنے کہا تھا۔



انھوں نے بتایا کہ مقتول احباب کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی سیکٹر Bمکان نمبر395 کے رہائشی تھے جبکہ آبائی تعلق سرگودھا سے تھا، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بسم اﷲ چکن سینٹر کے دوسرے ملازم عبدالستار ولد نصرو کے بھائی بشیر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول 2 بیٹے 1بیٹی کا باپ تھا، انھوں نے بتایا مقتول دھماکے سے 4 روز قبل اپنے بیوی اور بچوں کوقصور اپنے رشتے داروں کے گھر چھوڑ کر واپس کراچی آیا تھا، انھوں نے بتایا کہ مقتول یونیورسٹی روڈ پر واقع وسیم ٹیرس میں رہائش پذیر تھا۔

بسم اﷲ چکن سینٹر کے مالک یونیورسٹی روڈ شیئرٹن اسکوائر کے رہائشی ذاکر حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ جس وقت دھماکا ہوا اس وقت وہ دکان میں موجود نہیں تھے، انھوں نے بتایاکہ دھماکے کے باعث ان کا کاروبار بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا، بم دھماکے میں اقرا سٹی کی شاپ نمبر 106سپر فائیو چکن سینٹر میں ملازمت کرنے والا23 سالہ ضیا الرحمن ولد حسین بخش بھی جاں بحق ہوا ، مقتول غیرشادی شدہ اور6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، مقتول کے بھائی لعل محمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کچھ ماہ قبل ہی کراچی آیا تھا اوراس سے قبل مقتول سکھر میں محنت مزدوری کیا کرتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |