4 ملکی ہاکی فیسٹیول میں پاکستان تیسری پوزیشن سے محروم

گرین شرٹس کو آخری میچ میں جاپان نے 1-2 سے ہرادیا


Sports Reporter November 13, 2017
نیوزی لینڈ کو مات دیکر میزبان آسٹریلیا چیمپئن بن گیا۔ فوٹو: فائل

4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان تیسری پوزیشن سے بھی محروم رہا۔

میلبورن میں شیڈول 4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستانی ٹیم شکستوں کے گرداب سے نہ نکل سکی اور پوزیشن میچ میں بھی جاپان سے ایک کے مقابلے میں 2گول سے ہار کر ایونٹ میں آخری نمبر پر رہی۔ ایونٹ میں پاکستان کو میزبان آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ سے ایک، ایک جبکہ جاپان سے 2میچوں میں شکست کا سامنا رہا۔

پاکستان نے 4 میچوں میں مجموعی طور پر 17 گولز کھائے اور حریف ٹیموں کیخلاف صرف 4گول اسکور کیے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کو میزبان آسٹریلیا نے ایک کے مقابلے میں 9 گولز سے عبرتناک شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں جاپان نے بھی پاکستان کیخلاف ایک کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں تیسری پوزیشن کے میچ کیلیے پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ اس میچ میں قومی ٹیم نے ایونٹ میں مسلسل چوتھی اور جاپان سے دوسری شکست کھائی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے دونوں ٹیمیں ابتدائی10 منٹ میں کوئی گول نہ کرسکیں تاہم 13ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور اعجاز احمد کے ذریعے پہلا گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اگلے ہی منٹ میں جاپان کے کینٹا ٹاناکا نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔

دوسرے اور تیسرے کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم بھر پور کوشش کے باوجود مزید گول نہ کرسکی۔ چوتھے کوارٹر میں میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے لیے دونوں سائیڈز نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، گول کرنے کی اس مہم میں جاپان کو اس وقت کامیابی ملی جب57 ویں منٹ میں کازوما موراتا جاپان کی طرف سے دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

دوسری جانب ایک اور میچ میں ناقابل شکست آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر 4 ملکی ٹورنامنٹ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل مقابلے کے آغاز میں بھی دونوں ٹیموں کی حکمت عملی دفاعی رہی اور ابتدائی دونوں کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ تیسرے کوارٹر میں کینگروز خطرناک موڈ میں دکھائی دیے اور 15 منٹ کے اس کھیل میں 2 بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر ایونٹ کا فاتح بننے کا راستہ ہموار کیا۔ تیسرے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں جیگ ویٹن نے آسٹریلیا کو برتری دلا دی، 38ویں منٹ میں ٹورنامنٹ کے ہیرو بلیک گوورز نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر اسکور2-1 کر دیا جب کہ نیوزی لینڈ کی طرف سے واحد گول جارج مور نے کھیل کے49 ویں منٹ میں کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔