اداکارہ نورنےحجاب لینےاورمذہب کا راستہ اپنانےکی وجہ بتادی

طلاق کے بعد میں مکمل طور پر ٹوٹ گئی تھی، اداکارہ نوربخاری


ویب ڈیسک November 13, 2017
میں اپنی شادی ٹوٹنے پر بے حد اداس تھی ،وہ بہت مشکل وقت تھا ؛اداکارہ نور؛فوٹوفائل

لاہور: نامور پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے شوبز کی چکاچوند چھوڑ کر اچانک مذہب کی راہ اپنانے اور حجاب لینے کی وجہ بتادی ہے۔

شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکاراوراداکارائیں اپنی پرکشش شخصیت اورخوبصورتی کے باعث جانے جاتے ہیں۔ دیگر اداکاراؤں سے منفرد اور خوبصورت لگنے کی چاہ میں اکثر اداکارائیں مہنگے اور ڈیزائنرملبوسات زیب تن کرتی ہیں تاہم بہت کم ایسی اداکارائیں ہیں جو مہنگے لباس اور شوخ میک اپ کی وجہ سے نہیں بلکہ سادگی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی ہیں۔ اداکارہ نوربخاری کا شمار بھی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو گزشتہ کافی عرصے سے حجاب لینے کے باعث خبروں کی زد میں ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ نور کی حجاب میں ملبوس تصاویر سوشل میڈیا پروائرل

کچھ عرصہ قبل اداکارہ نورکی جانب سے حجاب لینے کے فیصلے نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا۔ میڈیا اور ان کے مداح یہ جاننے کے لیے بے چین تھے کہ آخر نور نے اچانک یہ قدم کیوں اٹھایا تاہم اب نورنے شوبز چھوڑ کر اچانک حجاب لینے اور مذہب کی جانب مائل ہونے کی وجہ بتادی ہے۔



14 سال کی عمر میں فلم''مجھے چاند چاہئے''سےفنی کیرئیر کا آغاز کرنے والی پاکستان کی خوبرو اداکارہ نور بخاری نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران حجاب لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ''ہر کام خدا کی خواہش کے مطابق ہوتا ہے''۔ میں اپنی شادی ٹوٹنے پر بے حد اداس تھی، وہ بہت مشکل وقت تھا مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کیاکروں جب چیزیں مزید خراب ہونا شروع ہوگئیں تو میں مذہب کی جانب مائل ہوگئی۔ تاہم ایسا نہیں ہے کہ مجھے ''نئی نور'' میں تبدیل ہونے کے لیے مجبور کیا گیا بس یہ سب ہونا تھا اور ہوگیا۔



نور نے اپنی علیحدگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بعد میں مکمل طور پر ٹوٹ گئی تھی، شوہر سے علیحدگی کا وقت میری زندگی کا سب سے دردناک دور تھاجس سے میں اکیلی گزررہی تھی بدقسمتی سے کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ میں کس کیفیت سے گزررہی ہوں۔ اس وقت میں ایک خاتون مرشد سے ملی اور عبادت کرنا شروع کی جس کے بعد میری مشکلات کم ہونا شروع ہوگئیں اور مجھے ناکام شادی کے غم سے باہر نکلنے میں بھی بہت مدد ملی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نور کے بعد چھوٹی بہن فاریہ بخاری نے بھی شوبز چھوڑ دیا

مجھے حجاب لینے کے لیے کسی نے بھی مجبور نہیں کیا تھا۔ میں نے ماہ رمضان میں اپنا سر ڈھانپنا شروع کیا اور اس کے بعد سے کبھی نہیں اتارا میں نے اپنے خاندان والوں کو بھی حجاب لینے اورشوبز چھوڑنے کے فیصے کے بارے میں بتادیا تھا۔



اداکارہ نور نے مزید کہا کہ میں ایک ایسی فیملی سے تعلق رکھتی ہوں جہاں بہت ساری خواتین حجاب لیتی اور عبایا پہنتی ہیں لہٰذا یہ تبدیلی میرے لیے نئی نہیں ہے۔ حجاب لینے سے قبل مجھے اپنی زندگی میں کچھ ادھورا محسوس ہوتا تھا لیکن جب سے میں نے حجاب لینا اور خود کو ڈھانپنا شروع کیا ہے میری زندگی میں سکون آگیا ہے اور مجھے معلوم ہے کہ خوشی اور سکون کا راستہ یہی ہے جب کہ مذہب کی جانب مائل ہوکر میں نے زندگی کے اصل معنی سمجھ لیے ہیں۔



نور نے اپنے ایکٹنگ کیرئیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری دراصل اس چیز کانام ہے جس میں آپ کو اپنی شناخت بھول کرایک نئے شخص کے کردار میں ڈھلنا ہوتا ہے۔ ایک اداکار ہرروز اپنی شناخت تبدیل کرتا ہے تاہم مجھے یہ سب ایک جھوٹ لگتا ہےاوراسلام میں جھوٹ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہمارے مذہب کی بنیاد سچ اور حق پر ہے لہٰذا میں کیسے ایسا کام کرسکتی ہوں جس میں مجھے ہر روز جھوٹ بولنا پڑے۔



واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل نور نے شوبز چھوڑ کر مذہب کی جانب مائل ہونے اور حجاب لینے کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر انسان کی زندگی میں ایک ایسا لمحہ ضرور آتا ہےجب وہ کسی سمت آگے بڑھنا جاتا ہے۔ میری زندگی میں بھی اب نیا موڑ آچکا ہے اور اسی لیے میں نے شوبز سے دوری اختیار کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |