کالعدم تنظیمیں الیکشن رکوانا چاہتی ہیں اب دھماکے نہیں کلنگ ہوگی رحمٰن ملک

ایسے ہی دھماکے ہوتے رہے تو الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے،نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بننے سے میں نے معذرت کرلی


INP March 07, 2013
لشکر جھنگوی کے خلاف ثبوت دینے کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے، میں نادہندہ نہیں، میڈیا سے گفتگو فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کیلیے میرا نام تجویز کیا تھا۔

پارٹی قیادت بھی مجھے سندھ کا نگراں وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی تھی تاہم میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر معذرت کرلی ہے۔ شریف برادران لشکرجھنگوی کا دفاع کرنا چھوڑ دیں، انھوں نے پرویز مشرف سے معاہدہ نہ کرنے کے حوالے سے اللہ کے گھر میں بیٹھ کر جھوٹ بولا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے لشکر جھنگوی کیخلاف ثبوت فراہم کرنے کیلیے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے، اگر پنجاب میں ہم نے آپریشن کیا توکہا جائے گا کہ وفاق مداخلت کر رہا ہے۔ القاعدہ، تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی نے الیکشن ملتوی کرانے کیلیے سازش تیارکی ہے۔

میں بجلی، گیس سمیت کسی محکمے کا نادہندہ نہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ بلوں کے بقایا جات کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میرے خلاف خبریں لگا کر ریڈرشپ بڑھانے کی کوشش نہ کی جائے۔ ڈی ریٹنگ کا طریقہ بھی مجھے آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی ملک اسحق کی گرفتاری کی بات کرتا ہوں تو شریف برادران اس کا دفاع کرنا شروع کردیتے ہیں۔



انھوں نے کہاکہ میں نواز شریف کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں کہ وہ آئیں، میں ان کی ملک اور بیرون ملک میں خفیہ جائیدادوں کی تفصیلات کے شواہد پیش کر وں گا۔ رحمن ملک نے کہا کہ آئندہ دنوں میں دھماکے کم ہوسکتے ہیں تاہم ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے سرحد پار تیار ہونے والی سازش کی کاپی مجھے مل گئی ہے۔ کراچی میں متاثرہ علاقوں میں پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ الیکشن میں فوج صوبائی حکومتوں کی درخواست پر طلب کی جا سکے گی۔ جہاں ضرورت محسوس ہو گی فوج بلائی جاسکے گی۔

ہم لشکر جھنگوی او راس کی پشت پناہی کرنے والوں کا خاتمہ کریں گے۔ اگر پنجاب حکومت نے لشکر جھنگوی کے خلاف ایکشن لیا ہوتا تو آج کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی نہ ہوتی۔آن لائن کے مطابق رحمن ملک نے کہا کہ اگر اس طرح دھماکے ہوتے رہے تو الیکشن ہوتے نظرنہیں آرہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں