کروشیا اور سوئٹزرلینڈ کو فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں شرکت کا پروانہ مل گیا

شمالی آئرلینڈ اور یونان سے سیکنڈ لیگ پلے آف میچز بغیر کسی گول کے برابری پر ختم


Sports Desk/AFP November 14, 2017
کوالیفائی کرنے والے ممالک کی تعداد بڑھ کر28 ہوگئی۔ فوٹو: فائل

کروشیا اور سوئٹزرلینڈ نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا۔

یورپیئن زون سے مزید 2 ممالک کروشیا اور سوئٹزرلینڈ نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کیلیے کوالیفائی کرلیا، جس کے بعد آئندہ برس روس میں شیڈول میگا ایونٹ میں جگہ بنانے والے ممالک کی مجموعی تعداد اب 28 ہوگئی، یورپ سے مزید دو ممالک کا تعین آنے والے دنوں میں پلے آف سیکنڈ لیگ نتائج سے ہوگا، جس میں سوئیڈن کا سامنا اٹلی سے اور ڈنمارک کا جمہوریہ آئرلینڈ سے مقابلہ ہوگا۔

باسل میں میزبان سوئٹرزلینڈ کی ٹیم اتوار کی شب منعقدہ سیکنڈ لیگ پلے آف میں شمالی آئرلینڈ کیخلاف کوئی گول نہیں بناسکی، تاہم فرسٹ لیگ میں انھیں ملنے والی 1-0 سے فتح ان کے لیے کارگر ثابت ہوئی، ولادیمیر پیٹکووک کے زیرکوچنگ کرنے والی میزبان سوئس ٹیم نے سیکنڈ پلے آف کے فرسٹ ہاف میں گول بنانے کے کئی مواقع بھی ضائع کیے۔

آئرش کوچ اونیل نے اختتامی 15 منٹ میں جورڈن جونز کو انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع فراہم کیا لیکن ان کی یہ کاوش بھی ٹیم کو خسارے سے نہیں نکال پائی، کھیل کے 85 ویں منٹ میں سیفاروک کو گول بنانے کا شاندار موقع ملا لیکن انھوں نے اسے گنوادیا، مہمان ٹیم کیلیے اختتامی جونی ایوانز نے انجری ٹائم میں ہیڈر پر گول بنانے کی کوشش کی لیکن جیمز روڈریگوئز نے اسے کلیئر کردیا۔

سوئس ٹیم نے لگاتار چوتھی بار ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کی، سوئس گول کیپر یان سومیر نے مقامی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ بہت سخت رہا اس میں ہم سب پر بہت زیادہ دبائو بھی رہا، ہر ایک کہہ رہا تھا کہ ہم اپنا کام کرچکے لیکن شمالی آئرلینڈ جیسی حریف ٹیم کے سامنے یہ آسان نہیں تھا تاہم میں ہدف حاصل کرلینے پر بہت زیادہ پرجوش ہوں۔

دوسری جانب شمالی آئرلینڈ کے منیجر مائیکل اونیل نے کہا کہ آخرکار ہمیں فرسٹ لیگ میں غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھنا پڑگیا، شمالی آئرلینڈ نے آخری بار 1986 ورلڈ کپ فائنلز میں جگہ بنائی تھی اس کے بعد سے ان کی کوئی بھی کوشش اب تک بارآور ثابت نہیں ہوپائی ہے، تاہم سیکنڈ لیگ میں ہماری ٹیم کی پرفارمنس بہت شاندار رہی ہے، ہم اس مقابلے میں زیادہ بہتر ٹیم کے طور پر سامنے آئے ، آئرش گول کیپر مائیکل میک گوررین نے سوئس اسٹرائیکر شاکیری کے کئی حملے ناکام بنائے۔

ادھر پیریوس میں میزبان یونان کیخلاف کروشیا نے بغیر گول کے ڈرا میچ پر بھی میگاایونٹ کیلیے کوالیفائی کرلیا، فرسٹ لیگ میں کروشیا نے 4-1 سے فتح پائی تھی۔ جو ان کیلیے کافی ثابت ہوئی، کروشیا پانچویں بار ورلڈ کپ کا حصہ بننے جارہا ہے، ان کی ٹیم 2010 میگا ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

کروشین کوچ ڈیلیک نے کہا کہ اگر ہم فرسٹ لیگ میں 1-0 سے فتحیاب رہتے تو ہمارے لیے سیکنڈ لیگ میں خاصی مشکل ہوتی، کروشیا نے دوسرے ہاف میں شاندار دفاعی کھیل پیش کیا، مہمان ٹیم کے اسٹار پلیئر لوکا موڈریک نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خاصا مشکل میچ رہا، ہم اپنے معیار کا کھیل تو پیش نہیں کرپائے لیکن ہمارے لیے نتیجہ بہت اہمیت کا حامل رہا جب کہ یونانی ٹیم نے ہوم گرائونڈ پر بہت عمدہ پرفارمن کیا اور ہمیں پیچھے دھکیل کر رکھا لیکن انھیں ٹائی میں کم بیک کرنے کا کوئی موقع نہیں مل پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔