اربوں ڈالر واپس لانے کیلیے سپریم کورٹ ازخود ایکشن لے سراج الحق

جب تک پیسہ واپس نہیں آتا،احتساب کا عمل ادھورا رہیگا،قوم 150 میگا اسکنڈلز کھلنے کی منتظر ہے، امیر جماعت اسلامی


Numainda Express November 15, 2017
جب تک پیسہ واپس نہیں آتا،احتساب کا عمل ادھورا رہیگا،قوم 150 میگا اسکنڈلز کھلنے کی منتظر ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ قوم کے اربوں ڈالر بیرونی بینکوں میں لٹیروں نے جمع کر رکھے ہیں، یہ پیسہ واپس لانے کیلیے سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے کر ایک میکنزم بنائے۔

سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بیرونی بینکوں میں موجود پیسہ واپس نہیں آتا ، احتساب کا عمل ادھورا رہے گا۔ قوم نیب کی فائلوں میں دبے ہوئے کرپشن کے 150 میگا سکنڈلز کھلنے کی منتظر ہے۔ اگر اب بھی نیب نے وہ سکنڈلز نہ کھولے تو عوام یہی سمجھیں گے کہ نیب بااثر لوگوں کے دباؤ میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا آئین سے عقیدہ ختم نبوت کا حلف نکالنے والوں کو بے نقاب نہیں کیا گیا۔ حکومت نے خود ہی کمیٹی بنائی اور اب خود ہی مٹی پاؤ پالیسی اختیارکیے ہوئے ہے، انہوں نے کہاکہ ملک کو کنگال کرنیوالے حکمرانوں کے اپنے بچے امریکا اور لندن میں کاروبار کرتے ہیں۔ ان کا علاج بھی باہر ہوتا ہے۔ وہ صرف حکمرانی کیلیے پاکستان آتے ہیں عوام کا کام ووٹ ، بل اور ٹیکس دینا رہ گیاہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر ایوانوں میں پہنچنے والے قومی مفادات کا سودا کرتے ہیں اور ذاتی مفادات کے حصول کیلیے سیاست میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، کردار بدلنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں