رشوت وصولی پر گرفتار پولیس افسر کی مزاحمت مجسٹریٹ پر اسلحہ تان لیا

سب انسپکٹر اور سپاہیوں کی مزاحمت،مجسٹریٹ اور عملے پر رائفلیں تان لیں


Staff Reporter March 08, 2013
پولیس افسر نے تلخ کلامی اور گرفتاری دینے کے بجائے ہاتھا پائی شروع کردی اور اپنے اہلکاروں کو فائرنگ کرنے کا حکم دیا۔ فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ مار کررشوت خور پولیس افسر کو سخت مزاحمت کے بعد رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔

چھاپے کے دوران پولیس افسر اور اس کے ہمراہ اہلکاروں نے اسلحہ تان لیا تھا ہاتھا پائی اور تلخ کلامی کے بعد قابو کیا گیا،تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پولیس کی درخواست پر سیشن جج ملیر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں چھاپہ مارنے کا حکم دیا تھا سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نوید اصغر شیخ کی سربراہی میں اینٹی کرپشن کے انسپکٹر اقبال کی ٹیم نے ملیر میں چھاپہ مارا تھانہ ملیر کے سب انسپکٹر عظیم سولنگی جو کہ پولیس موبائل میں اپنے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موجود تھا کو مدعی اشفاق سے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔



اس موقع پر پولیس افسر نے تلخ کلامی اور گرفتاری دینے کے بجائے ہاتھا پائی شروع کردی اور اپنے اہلکاروں کو فائرنگ کرنے کا حکم دیا پولیس اہلکاروں نے اسلحہ تان لیا جس پر فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا،اینٹی کرپشن پولیس ٹیم نے سخت مزاحمت کے بعد مذکورہ پولیس افسر کو گرفتار کرلیا ہے، قبل ازیں درخواست گزار اشفاق احمد نے اینٹی کرپشن میں تحریری درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ انھوں نے تھانہ ملیر کینٹ میں مقدمہ درج کرایا تھا لیکن ملزم کی گرفتاری کیلیے پولیس انسپکٹر نے5 ہزار روپے رشوت طلب کی ہے ایک ہزار روپے وصول کرلیے ہیں۔

تاہم مزید 4 ہزار روپے طلب کررہے ہیں جس پر اینٹی کرپشن انسپکٹر اقبال نے سیشن جج ملیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں چھاپہ مارنے کی استدعا کی تھی اور مدعی کو نشان زدہ نوٹ فراہم کیے تھے جو کہ پولیس نے ملزم سے برآمد کرلیے ہیں، پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں