ایف بی آر کا ٹیکس کی کم ادائیگی پر مصباح الحق سمیت 6 کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کم ٹیکس ادا کرنے پر محکمہ انکم ٹیکس نے مصباح الحق کیخلاف ٹریبیونل میں اپیل دائر کردی ہے۔


ویب ڈیسک March 07, 2013
ٹیکس کی عدم ادائیگی پر عمر اکمل کا تنخواہ کا اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے اخراجات اور بینک کھاتوں کی معلومات حاصل کرکے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے، ایف بی آر فوٹو: فائل

ایف بی آر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت 6 کھلاڑیوں کے خلاف ٹیکس کم ادا کرنے کی شکایت پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔


مصباح الحق کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران فرحت، محمد حفیظ، اظہر علی، توفیق عمر اور عمر اکمل شامل ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق ان کھلاڑیوں کو محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے پر نوٹس جاری کیے گئے جس کے بعد کھلاڑیوں نے پی سی بی سے حاصل کردہ آمدنی پر ٹیکس کی کٹوتی کے گوشوارے جمع کروا دیئے لیکن ایف بی آر نے کھلاڑیوں کے اخراجات سے ان کی آمدن زیادہ ہونے کے ثبوت حاصل کرلیے ہیں۔


سال 2010 اور2011 میں جمع کرائے گئے ٹیکس گوشوارے میں دی گئی معلومات کے مطابق عمران فرحت نے 2010 میں ساڑھے 6 لاکھ روپے اور 2011 میں 4 لاکھ 30 ہزار روپے، مصباح الحق نے سال 2010 میں 12 لاکھ 90 ہزار اور 2011 میں 16 لاکھ 70 ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا۔ اسی طرح محمد حفیظ نے 2 سالوں میں 27 لاکھ روپے، اظہر علی نے 6 لاکھ 20 ہزار روپےجبکہ توفیق عمر نے 11 لاکھ 95 ہزار ادا کیے۔ مصباح الحق پر ان 2 سالوں کا 49 لاکھ روپے کا ٹیکس واجب الادا تھا لیکن انہوں نے کم ادا کیا جس پر محکمہ انکم ٹیکس نے ان کے خلاف ٹربیونل میں اپیل دائر کردی ہے جبکہ عمراکمل پر 78 لاکھ روپے ٹیکس واجب الادا تھا لیکن عدم ادائیگی پر ان کی تنخواہ کا اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا ہے۔


ایف بی آر کے مطابق دیگر کھلاڑیوں کے اخراجات اور بینک کھاتوں کی معلومات حاصل کرکے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں