فکسنگ کا عفریت کپتانوں کے پیچھے پڑ گیا

ویسٹ انڈیزکیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل زمبابوے کے کریمر سے بکی کے رابطے کی کوشش کا انکشاف


Sports Desk November 16, 2017
اکتوبر میں ٹیسٹ سیریز سے قبل میزبان کپتان گریم کریمر سے بکی کے رابطے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے؛ فوٹوفائل

فکسنگ کا عفریت کپتانوں کے پیچھے پڑگیا ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے مابین اکتوبر میں ٹیسٹ سیریز سے قبل میزبان کپتان گریم کریمر سے بکی کے رابطے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے اور اس کی آئی سی سی نے بھی تصدیق کردی ہے۔

گریم کریمر نے پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد کی تقلید کرتے ہوئے فوری طور متعلقہ حکام کو مطلع کردیا،آئی سی سی نے بھی تصدیق کردی ہے۔ اینٹی کرپشن یونٹ زمبابوین کرکٹ بورڈ کی معاونت سے معاملے کی چھان بین میں مصروف ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں،پالیسی کے مطابق کارروائی کے دوران مزید کسی تفصیل سے آگاہ نہیں کرسکتے، کسی کے پاس اس حوالے سے معلومات ہوں تو اے سی ایس یو کے ساتھ بذریعہ ای میل رابطہ کرے،2ماہ میں ٹیم لیڈرز کو بدعنوانی سے آلودہ کرنے کے دوسرے واقعے نے مزید سخت اقدامات کی ضرورت بڑھا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اکتوبر میں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے میں پہلے ٹیسٹ سے قبل بکی کی جانب سے میزبان کپتان گریم کریمر سے فکسنگ کیلیے رابطہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے،واقعے کی آئی سی سی نے تصدیق بھی کردی ہے،ذرائع کے مطابق بولاوایو میں21اکتوبر کو میچ شروع ہونے سے قبل میزبان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو آگاہ کیا گیا تھا کہ ایک کرکٹر سے بکی نے رابطہ کرتے ہوئے کرپشن کیلیے آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے انکار میں جواب دیا،اس واقعے سے آئی سی سی کو بھی مطلع کردیا گیا جو زمبابوے کرکٹ بورڈ کی معاونت سے معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بکی نے میزبان ٹیم کے کپتان گریم کریمر کو فکسنگ کیلیے اکسانا چاہا، آئی سی سی ترجمان نے بتایا کہ زمبابوے میں اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات جاری ہیں،پالیسی کے مطابق اس کارروائی کے دوران مزید کسی تفصیل سے آگاہ نہیں کیا جا سکتا، البتہ اگر کسی کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو اینٹی کرپشن یونٹ سے بذریعہ ای میل رابطہ کرسکتا ہے،اس مقصد کیلیے ایڈریس بھی جاری کردیا گیا۔ یاد رہے کہ 2ٹیسٹ میچز کی سیریز ویسٹ انڈیز نے 1-0سے جیت لی تھی، گزشتہ 2ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ بکیز نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے بجائے کپتان کو کرپشن کی آلودگی میں دھکیلنا چاہا ہے،اس سے قبل سری لنکا کیخلاف یواے ای میں ون ڈے سیریز کے دوران پاکستانی قائد سرفراز احمد سے بکی کے رابطے کی اطلاعات نے بھی دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچایا تھا، وکٹ کیپر بیٹسمین نے پیشکش ٹھکرانے کے ساتھ بروقت متعلقہ حکام کو بھی مطلع کرکے دنیا بھر کے کرکٹرز کیلیے ایک مثال چھوڑی تھی۔

سرفراز احمد کی اس جرات مندی کو دنیا بھرکے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے زبردست الفاظ میں سراہا تھا،اس معاملے میں مبینہ بکی عرفان انصاری کا نام سامنے آیا، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے چھان بین جاری رکھی، چند روز بعد ہی بھارتی شہر پونے میں فکسنگ کے قدرے غیر روایتی انداز کا اسکینڈل سامنے آیا جب ایک ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں کیوریٹر پانڈورنگ سالگاؤنکرکو پچ فکسنگ کرتے پکڑا گیا،اس نے بکیز کی روپ میں آنے والے صحافیوں کے ساتھ معاملات طے کیے اور وکٹ تک لے گیا،ساتھ آنے والوں کو پچ کھرچنے کی اجازت اور معلومات دیتے ہوئے اسے سٹے بازوں کی مرضی کے مطابق بنانے کی پیشکش بھی کردی،اس واقعے کی ویڈیو نے بھی کرکٹ کی دنیا میں طوفان برپا کیا، 2ماہ میں ٹیم کے کھلاڑیوں کے بجائے لیڈرز کو بدعنوانی سے آلودہ کرنے کے دوسرے واقعے نے مزید سخت اقدامات کی ضرورت بڑھا دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں