پاکستانی کھلاڑیوں کی محبت میں گرفتارہونے والی 5 بھارتی حسینائیں

انتہاپسندوں کی پاکستانیوں سے نفرت کے برعکس کئی بھارتی فنکارائیں پاکستانیوں کی محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں


ویب ڈیسک November 16, 2017
بھارتی فنکاروں کے دل میں پاکستان اور پاکستان سے جڑے لوگوں کے لیے بہت محبت ہے ؛ فوٹوفائل

پاکستان اور بھارت کے تعلقات زیادہ تر کشیدہ ہی رہتے ہیں ایسا بہت کم ہوتا ہے جب دونوں ممالک کے سیاستدان ایک دوسرے کے بارے میں محبت سے بات کریں۔

ہندو انتہا پسند تنظیموں اوربھارتی سیاستدان توشاید پاکستان اورپاکستانیوں کے لیے محبت کی بات نہ کریں لیکن بھارتی فنکاروں اورکھلاڑیوں کے دل میں پاکستان اورپاکستان سے جڑے لوگوں کے لیے بہت محبت ہے۔ گزشتہ برس کشمیرمیں قائم اڑی کیمپ پر ہونے والے حملے کے باعث جہاں ہندو انتہا پسند جماعتوں نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا اور انہیں بھارت سے بے دخل کردیا وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والے کئی فنکاروں نے پاکستانی آرٹسٹوں کی نہ صرف حمایت کی بلکہ ان کے لیے انتہاپسندوں کے سامنے کھڑے بھی ہوگئے۔

انتہاپسندوں کی پاکستانیوں سے نفرت کے برعکس کئی بھارتی فنکارائیں پاکستانیوں کی محبت میں گرفتارہوچکی ہیں جس کی مثال بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور اداکارہ سشمیتا سین ہیں جو پاکستانی کرکٹرز شعیب ملک اوروسیم اکرم پر نہ صرف اپنا دل ہاربیٹھیں بلکہ ثانیہ تو ''پاکستانی بھابھی'' کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہیں۔

سشمیتا سین اور وسیم اکرم:



دنیا بھرکواپنی خوبصورتی کے سحرمیں مبتلا کرنے والی سابق ملکہ حسن اورنامور بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین اپنا دل سابق پاکستانی کرکٹر کے آگے ہاربیٹھیں اورکیوں نہ ہاریں، پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہونے کے علاوہ وسیم اکرم پر کشش شخصیت کے مالک بھی ہیں۔ سشمیتا سین اور وسیم اکرم کی ملاقات 2008 میں ایک ریئلیٹی شو کے دوران ہوئی تھی ۔ شو کے دوران دونوں ایک دوسرے کے نزدیک آگئے اور سشمیتا سین وسیم اکرم کو اپنا دل دے بیٹھیں۔

دونوں کی نزدیکیوں کی خبریں بھارت سمیت پاکستانی میڈیا کی بھی توجہ کا مرکزبن گئیں تاہم بعض وجوہات کی بنا پردونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ۔ وسیم اکرم آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی خوبصورت خاتون شنیرا تھامسن سے شادی کرچکے ہیں لیکن سشمیتا سین ابھی بھی غیرشادی شدہ ہیں اورگود لی ہوئی دو بچیوں کی پرورش کررہی ہیں۔

عبدالرزاق اور تمنا بھاٹیا:



بالی ووڈ اورساؤتھ انڈین فلموں کی نامور اداکارہ تمنا بھاٹیا اور سابق پاکستانی کرکٹر عبدلرزاق کے درمیان نزدیکیوں کی خبروں نے بھی دونوں طرف کے میڈیا میں خوب ہنگامہ مچایا تھا۔ دونوں کے بارے میں یہاں تک کہا جانے لگا تھا کہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ تمنا اوررزاق کئی مواقعوں پرایک ساتھ دیکھے گئے جب کہ دبئی میں ایک جیولری کی دوکان پردونوں کی ایک ساتھ موجودگی نے بھی میڈیا پرخوب ہنگامہ مچایا تھا تاہم دونوں نے اپنے درمیان تعلقات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم صرف دوست ہیں اور یہاں جیولری شاپ کی افتتاحی تقریب میں مدعو ہیں۔

شعیب اختر اور سونالی باندرا:



راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہورسابق پاکستانی کرکٹرشعیب اخترکے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں۔ شعیب اخترکی پرکشش شخصیت کے سحرمیں زیادہ ترخواتین گرفتارہوتی ہیں جن میں سرفہرست بالی ووڈ کی خوبرواداکارہ سونالی باندرا ہیں۔ شعیب اختراورسونالی باندرے ایک دوسرے سے کرکٹ میچ کے دوران ملے تھے اورسونالی پہلی نظر میں ہی شعیب اختر پر دل ہار بیٹھیں تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شعیب بھی اپنے دل میں سونالی کے لیے نرم گوشہ رکھتے تھے ایک بارانہوں نے مذاق میں کہا تھا اگرسونالی نے ان کے ساتھ شادی کرنے سے انکارکیا تو وہ انہیں اغوا کرلیں گے۔

زینت امان اورعمران خان:



70 کی دہائی کی ناموراداکارہ اورسابق مس ایشیا پیسیفک زینت امان بھی اپنا دل پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر عمران خان پر ہارچکی تھیں۔ زینت امان کی پسندیدگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی تاہم عمران خان نے زینت امان کے بجائے جمائمہ گولڈ اسمتھ سے شادی کی۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا:



کہتے ہیں سچی محبت اورعشق صرف فلموں اورناولوں میں ہی پایاجاتا ہے حقیقت میں محبت جیسی کوئی چیز نہیں ہوتی لیکن قومی کرکٹر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی محبت نے اس بات کو غلط ثابت کردیا۔ دونوں اپنی محبت کے درمیان حائل ہونے والی تمام رکاوٹوں کو پار کرکے نہ صرف شادی کے بندھن میں بندھے بلکہ ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزارر ہے ہیں۔ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار یہ جوڑی ان تمام لوگوں کے لیے مثال ہے جو صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور نفرت دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے مختلف اور اہم مواقعوں پر ثانیہ پاکستان آکراس بات کا ثبوت دیتی ہیں کہ انہوں نے پاکستانی کرکٹر کے ساتھ پاکستان سے بھی بے حد محبت کی ہے جب کہ شعیب ملک بھی ثانیہ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں