لندن میں بسوں پر پاکستان مخالف اشتہارات ہٹادیئے گئے

بسوں سے پاکستان مخالف اشتہارات ہٹانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا، ٹرانسپورٹ فار لندن

چند ہفتوں قبل لندن کی ٹیکسیوں پر بھی پاکستان مخالف اشتہارات لگوائے گئے تھے۔ فوٹو : فائل

برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے احتجاج پر لندن کے ٹرانسپورٹ ادارے نے ڈبل ڈیکر بسوں پر لکھے پاکستان مخالف اشتہارات کو ہٹادیا ہے۔

لندن میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ بسوں پر اشتہارات کا معاملہ ہائی کمیشن کے نوٹس میں لایا گیا تو انھوں نے فوری طور پر ٹرانسپورٹ فار لندن کے سربراہ سے رجوع کیا اور اشتہارت کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان مخالف اشتہاری مہم سے کوئی تعلق نہیں، برطانوی ہائی کمشنر

ترجمان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں قبل لندن کی ٹیکسیوں پر بھی پاکستان مخالف اشتہارات لگوائے گئے تھے جسے پاکستان ہائی کمشنر کے کہنے پر ہٹا دیا گیا تھا، ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق اشتہارات ہٹانے کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ پاکستان کی سالمیت اور جغرافیائی سلامتی کا مکمل احترام کرتا ہے، لندن میں بلوچستان کے بارے میں اشتہاری مہم پر پاکستان کے تاثرات کو بخوبی سمجھتے ہیں تاہم برطانوی حکومت کا ان بینرز کی تشہیر سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔
Load Next Story