’’بے مثال ‘‘نا اہلی پورا کراچی 4 گھنٹے تک بجلی سے محروم رہا

ہفتے کی شام 25جبکہ 3بجے شب مزید7گرڈ اسٹیشن ڈیڈ ہوگئے،صبح 5بجے پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا

بجلی کے بریک ڈائون کے باعث ناظم آباد میں ایمرجنسی لائٹ کی روشنی میں سحری کی جارہی ہے۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ''بے مثال'' نااہلی کے باعث پورا شہر 4گھنٹے جبکہ نصف سے زائد شہر مسلسل 14گھنٹے بجلی سے محروم رہا،کے ای ایس سی کے انجینئرز اور ماہرین بن قاسم بجلی گھر کے سرکٹس میں ہونے والی فنی خرابی کو تلاش کرنے میں مسلسل کئی گھنٹوں تک ناکام رہے، بجلی بحال کرنے کی غیرذمے دارانہ کوششوں کے نتیجے میں پورے شہر کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے کے ای ایس سی نے بحالی کا کامیاب آپریشن شروع کیااور شام تک شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی تاہم متعدد علاقوں میں بحالی کا کام رات گئے تک جاری تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شام افطار کے فوراً بعد بن قاسم بجلی گھر کے دونوں سرکٹس میں ہونے والی فنی خرابی کی وجہ سے کے ای ایس سی کے25 گرڈ اسٹیشن ڈیڈ ہوگئے اور تقریباً نصف شہر میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی، کے ای ایس سی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر تابش گوہر کے ای ایس سی کنٹرول روم سے براہ راست بحالی کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری ہدایات جاری کررہے ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ ابتدا میں کے ای ایس سی حکام کا خیال تھا کہ اچانک ہونے والی ٹرپنگ کی وجہ تخریب کاری یا ہائی ٹینشن لائن کی چوری ہوسکتی ہے اس سلسلے میں فوری طور پرسیکیورٹی کی خصوصی ٹیموں کو ہائی ٹینشن اور ٹرانسمیشن لائنوں کی انسپکشن کے لیے بھیجا گیا، سیکیورٹی ٹیموں نے اپنی رپورٹ میں تمام لائنوں کو محفوظ قرار دیا تو انجینئرز نے تکنیکی وجوہات پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے رات 11 بجے ٹرپ کرجانے والے سرکٹس سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کی تاہم چند منٹوں بعد ہی دونوں سرکٹس ایک مرتبہ پھر ٹرپ کرگئے جس پر ایک مرتبہ پھر سیکیورٹی کی ٹیموں کو لائنوں کی انسپکشن کے لیے بھیجا گیا۔

رپورٹ کلیئر ملنے کی صورت میں رات ایک بجے دوبارہ سرکٹس بحال کرنے کی کوشش کی گئی اور ایک مرتبہ پھر ٹرپنگ کا سامنا کرنا پڑا، رات تین بجے کے ای ایس سی کی انتظامیہ نے سرکٹس تبدیل کرکے بجلی بحال کرنے کی کوشش کی اور اس نتیجے میں لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی اور دیگر ملحقہ علاقے جہاں بجلی کی فراہمی جاری تھی وہاں بھی تقریباً 7 گرڈ اسٹیشن مزید ڈیڈ ہوگئے اور صبح 5 بجے کی جانے والی اسی طرح کی کوشش میں گلستان جوہر، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی یعنی پورا شہر مکمل طور پر بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔

اتوار کی صبح تقریباً 9 بجے کے ای ایس سی کے ماہرین بجلی کی بحالی کا کام شروع کرنے میں کامیاب ہوئے اور اتوار کی شام تک شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی تھی تاہم متعدد علاقوں میں رات گئے تک بحالی کا کام جاری تھا۔

Recommended Stories

Load Next Story