ای پی زیڈ اے رواں سال1 ارب ڈالر زرمبادلہ کمائے گی پرویز الٰہی

حلال زون بنائیں گے، اپنے وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر عمل ہو رہا ہے، پرویز الہٰی

خواتین کو صنعتی سہولتیں دینگے، گوجرانوالہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے افتتاح پر خطاب۔ فوٹو: فائل

نائب وزیر اعظم چودہری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی نے بیرونی سرمایہ کاروں کے تعاون سے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

رواں سال1 ارب ڈالر زرمبادلہ کمائے گی، خواتین کو صنعتکاری اور دیگر شعبوں میں سہولتیں دی جائیں گی، حلال زون بنائیں گے، اپنے وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عمل ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز گوجرانوالہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے اقدامات کے باعث ای پی زیڈ اے پر اعتماد کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے اور بلاتفریق قومی اداروں کو مستحکم کرنے کیلیے کاوشیں کی ہیں۔

میں آج کے تاریخی دن پر چیئرمین ای پی زیڈ اے سعادت ایس چیمہ اور بورڈ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری کوششوں سے ایپزا کے زونز سے سالانہ ساڑھے 300 ملین ڈالر زر مبادلہ کمایا جا رہا ہے جو رواں مالی سال کے اختتام پر تقریباً ایک ارب ڈالر ہو جائے گا جس کیلیے میں بیرونی سرمایہ کاروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری ہدایت پر ایپزا نے کوئٹہ سمیت مقررہ تعداد سے بھی زیادہ شہروں میں لائزن آفس قائم کر دیے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین ای پی زیڈ اے کو ہدایت کی کہ خواتین کو صنعتکاری اور اس سے متعلق دیگر شعبوں میں کام کرنے کے لیے بھرپور سہولتیں فراہم کی جائیں۔




سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلیے بطور وزیراعلیٰ میں نے بھرپور کوشش کی کہ پنجاب میں صنعتی ترقی کو یقینی بنایا جائے اور سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ضروری سہولتیں بھی فراہم کی جائیں، اس مقصد کیلیے میں نے اسٹیٹ آف دی آرٹ صنعتی زون قائم کرنے کیلیے بھرپور توجہ دی، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، فیصل آباد ویلیو ایڈیشن سٹی اور گارمنٹس سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کو اپ گریڈ کیا گیا، ہمارے یہ پودے آج تناور درخت بن چکے ہیں اور پنجاب کے عوام ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں حلال مارکیٹ کا حجم تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر ہے جس میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین ای پی زیڈ اے اور ان کی ٹیم اس مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ حاصل کرنے کیلیے حلال زونز کے قیام پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ میری خصوصی ہدایت پر کے ای ایس سی پر انحصار کم کرنے کیلیے ای پی زیڈ اے سے ملحق گوالہ کالونی سے فضلہ حاصل کر کے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔
Load Next Story