ملیر پولیس کا 3 دن سے ڈیزل بند گشت کرنا محال ہوگیا

شہریوں کو بلاجواز ہراساں کر کے ڈیزل کے لیے رقم بٹوری جا رہی ہے، ذرائع

شہریوں کو بلاجواز ہراساں کر کے ڈیزل کے لیے رقم بٹوری جا رہی ہے، ذرائع فوٹو: فائل

ضلع ملیر پولیس کا3دن سے ڈیزل بند ہونے کی وجہ سے پولیس کا گشت کرنا محال ہوگیا۔

ایک جانب تو پولیس کے اعلیٰ افسران ماتحت عملے سے اچھی کارکردگی کی امید رکھے ہوئے ہیں تو دوسری جانب پولیس موبائلوں کا ڈیزل بند کر دیا جاتا ہے، ضلع ملیر زون ایسٹ پولیس کی موبائلوں کو 3دن سے ڈیزل کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے تھانیداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔




پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر میں قائم تھانوں کی پولیس موبائلوں کا گشت کرنا محال ہوگیا ہے اور اس کا فائدہ جرائم پیشہ عناصر کو مل رہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے پولیس اسنیپ چیکنگ کے نام پر شہریوں کو بلاجواز ہراساں کر کے ڈیزل کا خرچہ پورا کرنے کیلیے ان سے رقم بٹور رہی ہے ، اعلیٰ افسران تھانیداروں کو امن قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے ہدایات تو جاری کر دیتے ہیں۔

تاہم تھانوں کی پولیس موبائلوں کے ڈیزل آئے دن بند ہوجانا معمول بن گیا اور ایسا صرف ملیر پولیس کے ساتھ نہیں بلکہ دیگر ٹائونز میں بھی پولیس موبائلوں کا ڈیزل بند کر دیا جاتا ہے اور اسے پورا کرنے کیلیے پولیس کوشہریوں کی جیبوں سے مختلف بہانوں سے رقم نکلوانا پڑتی ہے۔
Load Next Story