امریکا میں شوہر نے بیوی کو کاٹ کر اعضا کولر میں بھردیے

ملزم نے پہلے بیان میں کہا کہ بیوی بچے کو جنم دے کر انتقال کرگئی پھر دوسرا بیان دیا کہ اس نے خودکشی کی،پولیس

ملزم کے بیانات میں تضاد ہے اور خاتون کی وجہ موت کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا فوٹو اے اپی

KARACHI:
امریکا میں شوہر نے بیوی کو کاٹ کر اس کے اعضا کولر میں بھردیے اورپھر اسے کولڈ اسٹوریج میں رکھوا دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ریاست میسوری کے شہر کنساس سٹی میں 35 سالہ بے گھر شخص جسٹن رے ہوٹل میں اپنی بیوی اور دوسالہ بچی کے ساتھ 25 ستمبر سے کمرہ کرائے پر لے کر رہ رہا تھا جہاں اُس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ اس کی بیوی جیسیکا مونٹریو رے 20 اکتوبر کو ہوٹل کے کمرے میں بچے کو جنم دے کر انتقال کرگئی، لاش دو دن تک ہوٹل میں رہی اور وہ بھی بچوں کے ساتھ کمرے میں رہا، بعدازاں اس نے بچوں کی موجودگی میں لاش غسل خانے کے ٹب میں رکھ کر اس کے ٹکڑے کرکے ایک بڑے کولر میں بھر دیے جو ٹکڑے کولر میں نہ آسکے اس نے انہیں ضائع کردیا۔


پولیس نے ملزم کے ہوٹل سے جانے کی فوٹیج حاصل کی جس میں دیکھا گیا کہ ملزم ایک بڑے کولر کو دھکیل کر باہر لے گیا، اس کے ساتھ اس کی دوسالہ بچی اور نومولود کو لے جانے والی ٹرالی بھی تھی، ملزم نے قریبی ہی واقع کولڈ اسٹوریج میں اپنا سامان رکھوایا اور ہوٹل سے باہر اپنے دو بچوں کے ساتھ سوتا ہوا پایا گیا۔

پولیس کے مطابق ہنگامی امدادی عملے نے ملزم کو بچوں کے ہمراہ سوتا دیکھ کر تفتیش کی، نومولود کی طبیعت خراب تھی، اس کے کپڑے موسم کے لحاظ سے نامناسب تھے جب کہ بچے کی آنکھ میں بھی انفیکشن ہوچکا تھا جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا اور ملزم پر بچوں کی حفاظت نہ کرنے کی بھی فرد جرم عائد کی گئی بعدازاں 24 اکتوبر کو کولر سے اس کی بیوی کی لاش کے ٹکڑے دریافت ہوگئے۔

کنساس کے عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم کے بیانات میں تضاد ہے اور خاتون کی وجہ موت کا ابھی تک درست تعین نہیں ہوسکا، ایک بیان میں ملزم نے کہا ہے کہ بیوی دوران زچگی انتقال کرگئی دوسرے بیان میں اس نے کہا کہ بیوی نے بچے کو جنم دینے کے بعد خودکشی کرلی تاہم اس حوالے سے عدالت میں مقدمہ جاری ہے۔
Load Next Story