ون ڈے سیریز پاکستان ریکارڈ بہتر بنانے کا خواہاں

جنوبی افریقہ میں 21 ایک روزہ میچز میں سے گرین شرٹس نے صرف 6 بار فتح پائی، مجموعی مقابلوں میں بھی پروٹیز کا پلڑہ بھاری۔


Sports Desk March 08, 2013
نتائج مصباح الحق کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، پریکٹس میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی ملی، عبدالرحمان کی شاندار بیٹنگ۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کے پاس جنوبی افریقہ میں ون ڈے ریکارڈ بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔

ایک روزہ میچز کے نتائج کپتان مصباح الحق کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، گرین شرٹس کا پروٹیز کیخلاف مجموعی ریکارڈ زیادہ حوصلہ افزا نہیں،57 مقابلوں میں سے صرف 18میں ہی فتح حاصل ہوسکی، میزبان ٹیم نے اپنی سرزمین پر کبھی آسانی سے شاہینوں کو کھل کر اڑان نہیں بھرنے دی،21 میچوں میں سے 6 میں کامیابی ملی، پہلا مقابلہ 10مارچ کو بلوم فاؤنٹین میں ہوگا، پاکستان پہلی بار اس میدان پر میزبانوں کا سامنا کریں گے، پروٹیز نے ابھی تک یہاں 20 میچ کھیل کر 13 میں فتوحات حاصل کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں کلین سوئپ ہونے والی پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں ساکھ کی بحالی کا چیلنج درپیش ہوگا، بارش کے نتیجے میں ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلا نہ جاسکا، دوسرے میں فتح کی صورت میں ابھی تک حاصل ہونے والی دورہ کی اکلوتی کامیابی محمد حفیظ کے کھاتے میں درج ہوئی جبکہ طویل طرز کے میچوں میں بطور قائد ناکام رہنے والے مصباح الحق کی انفرادی کارکردگی نے بھی ان کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، ذرائع کے مطابق ایک روزہ میچوں کے نتائج ان کے مستقبل کا تعین کرینگے۔

2

گرین شرٹس کا پروٹیز کیخلاف مجموعی ریکارڈ زیادہ حوصلہ افزا نظر نہیں آتا،57 مقابلوں میں سے صرف 18میں ہی فتح حاصل ہوسکی، میزبان ٹیم نے اپنی سرزمین پر شاہینوں کو ہمیشہ آڑے ہاتھوں لیا ہے،21 میچوں میں سے 6 میں کامیابی ملی، 14 پروٹیز نے جیتے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا، پاکستان کی بیٹنگ اوسط 23.65 رنز فی وکٹ رہی ہے، ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ 10مارچ کو بلوم فاؤنٹین میں ہوگا، پاکستانی پہلی بار اس میدان پر میزبانوں کا سامنا کریں گے، پروٹیز نے ابھی تک یہاں 20 میچ کھیل کر 13میں فتح حاصل کی ہے۔

ڈی ویلیئرز الیون بھرپور قوت کے ساتھ نئے معرکے کی تیاری کرچکی، ٹوئنٹی 20ٹیم میں کئی نو آموز کھلاڑی شامل تھے لیکن ایک روزہ میچوں میں کپتان ڈی ویلیئرز،ہاشم آملا، مورن مورکل، فاف ڈوپلیسس، ڈیل اسٹین اور کولن انگرام کی خدمات حاصل ہوں گی،دوسری جانب پاکستانی بیٹنگ لائن کی فارم بدستور مسئلہ بنی ہوئی ہے، پریکٹس میچ میں بولرز نے فیاضی سے رنز دیتے ہوئے انوی ٹیشن الیون کو 266 رنز بنانے کا موقع دیا، بہتر آغاز کے باوجود غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ہدف کو پہاڑ بنادیا، ٹاپ تھری عمران فرحت 40، ناصر جمشید 24 اور کامران اکمل 47رنزکے ساتھ نمایاں رہے مگر یونس خان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

مصباح الحق کی اننگز 18 تک محدود رہی، شعیب ملک 8بناسکے، 189 پر شاہد آفریدی(29) کی صورت میں ساتویں وکٹ گرنے کے بعد شکست کے آثار نمایاں نظر آرہے تھے،اس موقع پر عبدالرحمان ناقابل شکست 35 اور عمر گل 30 رنز نہ بناتے تو شکست یقینی تھی، پاکستان نے ہدف 49.4 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے شرمندگی سے بچنے کا سامان کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں