ڈونیڈن ٹیسٹ کیویز نے انگلش بیٹنگ کی دھجیاں اڑادیں

167 پر ڈھیر، واگنیر اور مارٹن کے 4، 4 شکار، نیوزی لینڈ نے 131 رنز بنالیے

یونیورسٹی اوول پارک ،ڈونیڈن: انگلش بیٹسمین میٹ پرائر کا زور دار شاٹ، کیوی وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ اور فیلڈر ہمیش روفورڈ کی نگاہیں بائونڈری کی جانب جاتی گیند کا تعاقب کررہی ہیں، مہمان بیٹسمین نے 23 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈونیڈن ٹیسٹ میں کیویز نے پاور فل انگلش بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں۔

پوری ٹیم 167 پر ڈھیر ہوگئی، جوناتھن ٹروٹ 45 رنز کے ساتھ کچھ ہمت دکھا پائے، نیل واگنیر اور بروس مارٹن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بغیر وکٹ گنوائے131 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ کے آغاز میں ہی اپنی پوزیشن مضبوط بنالی ہے، ابر آلود کنڈیشنز میں انگلش ٹیم منظم کیوی اٹیک کے سامنے نہیں ٹک پائی اور پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پہلے دن کا کھیل مکمل طور پر بارش کی نذر ہونے کے بعد اگلے روز انگلش وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، ابتدائی تین وکٹیں صرف 18 کے مجموعے پر گرگئیں جب نک کامپٹن کو کھاتہ تک کھولنے کی مہلت دیے بغیرٹم ساؤتھی نے اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر میدان بدر کردیا، کپتان الیسٹر کک (10) کو واگنیر نے ردرفورڈ کی مدد سے واپس بھیجا، کیون پیٹرسن بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، واگنیر کی گیندکے آگے پاؤں کرنے کا نتیجہ واپسی کے لیے قدم اٹھانے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔




ای ین بیل نے واگنیر کی وکٹ بننے سے قبل 24 رنز بنائے، جوئے روٹ (4) کو ٹرینٹ بولٹ نے براؤنلی کی مدد سے قابو کیا، میٹ پرائر(23)، جوناتھن ٹروٹ (45) اور اسٹورٹ براڈ (10) کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے مارٹن کا شکار ہوئے، اسٹیون فن (20) کو واگنیر نے ردرفورڈ کا کیچ بناکر چوتھی وکٹ حاصل کی جبکہ جیمز اینڈرسن 23 رنز پر مارٹن کا چوتھا شکار ثابت ہوئے۔

جواب میں کیوی اوپننگ جوڑی نے انگلش بیٹسمینوں کا حشر دیکھتے ہوئے نہایت احتیاط سے بیٹنگ شروع کی اور دن کے اختتام تک وکٹوں کو محفوظ رکھتے ہوئے 131 رنز بنالیے، ردرفورڈ 77 اور پیٹرفلٹن 46 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
Load Next Story