سہواگ کے کیریئر پر غیریقینی کے سیاہ بادل چھا گئے

آسٹریلیا کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچز سے ڈراپ ، پھر لوٹ کر آؤں گا، اوپنر

آسٹریلیا کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچز سے ڈراپ ، پھر لوٹ کر آؤں گا، اوپنر فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کے کیریئر پر غیریقینی کے سیاہ بادل چھا گئے۔

انھیں آسٹریلیا کے خلاف باقی ٹیسٹ سیریز سے باہر کردیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ابھی میری کرکٹ ختم نہیں ہوئی ، جلد واپس آجاؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق وریندرسہواگ کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچز سے باہر کردیا گیا ہے، انھیں 2008-09 میں ایڈیلیڈ میں سنچری کے ساتھ ٹیسٹ سائیڈ میں واپس آنے کے بعد پہلی مرتبہ ڈراپ کیا گیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ایڈیلیڈ کی اس سنچری کے علاوہ انھوں نے بعد میں ملک سے باہر کوئی ٹیسٹ تھری فیگر اننگز نہیں سجائی۔

سلیکٹرز نے سہواگ کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جس سے 14 مارچ کو موہالی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں شیکھر دھوون کو بطور اوپنر کھلائے جانے کا امکان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچز کے بعد بھارت کو مسلسل 4 ٹیسٹ سیریز ملک سے باہر کھیلنی ہیں جن کا آغاز دورہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ ٹیم میں واپسی کے بعد سہواگ کی ملک سے باہر کارکردگی پر خاص طور پر سوالات اٹھائے جارہے تھے مگر وہ اپنے ملک کے سلو ٹریکس پر قدرے بہتر اننگز کھیل کر ٹیم میں جگہ بنائے ہوئے تھے۔




ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد سہواگ نے ملک سے باہر 12 ٹیسٹ میچز میں 22.73 کی ایوریج سے 523 رنز بنائے تھے جن میں سب سے زیادہ 67 کی اننگز شامل تھی، اس عرصے کے دوران ایشیا میں انھوں نے 57.49 کی اوسط سے 3622 رنز بنائے تاہم گذشتہ دو برس سے ان کے بیٹ نے ایشیائی پچز پر بھی رنز بنانے کا سلسلہ موقوف کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف احمد آباد میں 2010 میں 173 رنز اسکور کرنے کے بعد انھوں نے دو سال کے انتظار کے بعد احمد آباد میں ہی انگلینڈ کے خلاف گذشتہ برس نومبر میں سنچری اسکور کی، اس دوران ان کا اسکور 25، 30، 9، 23، 49، 0، 2، 19 اور 6 رہا۔دوسری جانب سہواگ کا کہنا ہے کہ میں ڈراپ کیے جانے پر مایوس نہیں، میری ابھی کرکٹ ختم نہیں ہوئی میں اور زیادہ محنت سے ایک بار پھر ٹیم میں واپس آؤں گا۔
Load Next Story