پیرو نے 35 سال بعد فٹبال ورلڈ کپ کیلیےکوالیفائی کرلیا

کوالیفائرز میں نیوزی لینڈ کو 2-0 سے زیر کیا، جیفرسن اور راموس نے گول داغے


نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ کیلیے تیسری مرتبہ کوالیفائی کرنے کیلیے پیرو پر لازمی فتح درکار تھی۔ فوٹو: فائل

پیرو نے فیصلہ کن کوالیفائرز میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر 35 سال بعد فٹبال ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

اوشیانا ساؤتھ امریکن پلے آف میں نیوزی لینڈ اور پیرو کے مابین ویلنگٹن میں کھیلا گیا پہلا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد دوسرا میچ فیصلہ کن تھا، پیرو نے میچ کے آغاز سے شاندار کھیل پیش کیا۔ 27 ویں منٹ میں جیفرسن فرفان نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 42 ویں منٹ میں فرفان کی ایک اور کوشش نیوزی لینڈ کے گول کیپر نے ناکام بنا دی، 50 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے کپ کولوے کا ہیڈر ٹارگٹ سے دور لگا۔ 65 ویں منٹ میں کرسچین راوموس نے بال کو جال میں پھینکتے ہوئے اسکور 2-0 کر دیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی،۔ پیرو کی ٹیم مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ جبکہ 1982 کے بعد ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ ورلڈ رینکنگ میں 122ویں پوزیشن پر براجمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ کیلیے تیسری مرتبہ کوالیفائی کرنے کیلیے پیرو پر لازمی فتح درکار تھی، وہ اس سے قبل 1982 اور 2010 کے ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔

فاتح ٹیم کے مڈ فیلڈر کرسچین کوئیوا نے پُرنم آنکھوں کے ساتھ کہاکہ یہ تاریخ رقم کرنے پر بہت جذباتی ہوں، یہ ایک خواب تھا جو پورا ہوگیا۔ پیرو کے صدر نے ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا، انھوں نے لکھا ''ہم نے ورلڈ کپ میں آنے کیلیے 35 سال سے زائد عرصے تک انتظار کیا، جانبازو ہمیں یہ خوشی دینے کیلیے شکریہ۔''

واضح رہے کہ پیرو کی ٹیم ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے والی 32 ویں اور آخری ٹیم ہے، بیلجیم، انگلینڈ، جرمنی، آئس لینڈ، پولینڈ، میزبان روس، سربیا، اسپین، فرانس، پرتگال، سوئٹزر لینڈ، کروشیا، سوئیڈن، ڈنمارک، مصر، نائجیریا، سینیگال، مراکش، تیونس، ایران، جاپان، سعودی عرب، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کوسٹا ریکا، میکسیکو، برازیل، یوراگوئے، ارجنٹائن اور کولمبیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں