نگراںوزیراعظم کا حتمی اعلان 15مارچ کو کردیا جائے گا
عام انتخابات کاانعقاداوراسمبلیوں کی تحلیل ایک ہی دن کرنے پردونوں جماعتیںمتفق
پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں نگراں وزیراعظم کے لیے اتحادی جماعتوں سے حتمی مشاورت 12 اور 13مارچ تک مکمل کرلے گی۔
پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ میں باضابطہ مذاکرات 14مارچ کو اسلام آباد میں ہوں گے اور نگراں وزیراعظم کے نام کا حتمی اعلان 15مارچ کو کیا جائے گا۔
صدرآصف علی زرداری ملک میں نگراں سیٹ اپ اور آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان 16مارچ کو کریں گے۔ انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ کے درمیان بیک ڈور مذاکرات کے ذریعے ملک میں نگراں سیٹ اپ پر بات چیت جاری ہے اور دونوں جماعتوں میں ملک میں ایک ہی روز عام انتخابات کرانے اور اسمبلیوں کی ایک ہی روز تحلیل پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی قیادت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس(ر) ناصراسلم زاہد، جسٹس(ر) شاکراللہ جان اور رسول بخش پلیجو کے ناموں کے اعلان کے بعد اتحادی جماعتوں سے اس حوالے سے مشاورت کررہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نگراں وزیراعظم کے لیے محمودخان اچکزئی، سابق گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹرعشرت حسین سمیت 2 ریٹائرڈججز کے ناموں پر غور کررہی ہے۔