پرویز الٰہی و دیگر کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیے گئے

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: پرویز الٰہی اور دیگر کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیے گئے۔

ہائی کورٹ میں پرویز الٰہی، راسخ الٰہی اور زارا الٰہی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہونے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے کی، جس میں عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ کی روشنی میں پرویز الٰہی و دیگر کی درخواست نمٹا دی۔

دورانِ سماعت وفاقی حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شیراز ذکا پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ان کے نام نکال دیے ہیں۔

پرویز الیہی کے وکیل ابوذرسلمان نیازی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی سینئر سیاستدان ہیں اور وہ فیملی کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ ایف آئی اے نے بے بنیاد سیاسی کیسوں کی بنا پر نام پی سی ایل میں ڈلوایا۔ لہٰذا عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کا حکم دے۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے رپورٹ کی روشنی میں پرویز الٰہی و دیگر کی درخواست نمٹا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔