منفی پروپیگنڈہ کو نظرانداز کرکے ملک کو مضبوط کرنا ہے، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2024
شرجیل انعام میمن نے کراچی میں الیکٹرک موٹرسائیکل کمپنی کا افتتاح کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کراچی میں الیکٹرک موٹرسائیکل کمپنی کا افتتاح کیا۔

  کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈہ کو نظرانداز کرکے ملک کو مضبوط کرنا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں الیکٹرک موٹرسائیکل کمپنی کا افتتاح کیا۔ مختلف ملکوں کے سفارتکار بھی تقریب میں موجود تھے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ای ٹربو کمپنی کو ای بائیک لانچ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ، خواہش ہے کہ ای ٹربو تمام ممالک میں بائیکس برآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ میں ای وی بسز شروع کیں، اب ہمارا ٹارگٹ ہے جلد سے جلد ای وی ٹیکسیز شروع کریں، ہم نے چین کی ٹرانسپورٹ کمپنی کو درخواست کی ہے کہ وہ ہمارے ملک میں ای وی بسز بنائیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس وقت ایندھن کا مسئلہ ہے، الیکٹرک چیزیں ملک اور ماحول کے لیے بہتر ہیں، ان سے پٹرول اور ڈیزل کی لاگت بچنے کے ساتھ ساتھ ماحول بھی محفوظ رہے گا، سبز توانائی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں منفی پروپیگنڈہ کو نظرانداز کرکے ملک کو مضبوط کرنا ہے، جلد ملک سے ای وی بائیکس برآمد ہونا شروع ہوجائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔