آئینی ترامیم پر حمایت: بلاول، اسحاق ڈار، محسن نقوی فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر موجود

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اکتوبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم پر وزیراعظم شہباز شریف اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں، بلاول کے پہنچنے کے بعد محسن نقوی اور اسحاق ڈار بھی پہنچ گئے جبکہ آصف زرداری کی آمد متوقع ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اسی سے متعلق : آئینی ترمیم؛ پی ٹی آئی وفد آج پھر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچ گیا

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل تھے۔

بلاول بھٹو زراری وہاں سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش پہنچے جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ وہ آج صبح ہی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔

یہ پڑھیں : آئینی ترامیم کا معاملہ؛ بلاول اور مولانا کے درمیان ایک روز میں دوسری ملاقات

بلاول کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور آئینی ترامیم پر بات کی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی وفد عمران خان سے ملنے اڈیالہ جیل چلا گیا، پی ٹی آئی وفد عمران سے ملاقات کے بعد واپس فضل الرحمان کی رہائش گاہ آئے گا۔

بلاول اور فضل الرحمان کے درمیان ملاقات جاری رہی اب اطلاعات آئی ہیں کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی بھی آمد متوقع ہے۔

مزید برآں مسلم لیگ ن کے رہنما، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے رضامند کرنے پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، پہلی ملاقات کے وقت کل پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے موجود تھا جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔