قومی اسمبلی اجلاس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات، 9نکاتی ایجنڈا جاری

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  اسلام آباد: قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق صرف میڈیا کے ان نمائندوں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے فل سیشن پریس گیلری کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔

ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری کرنے پر سختی کی گئی ہے اس لیے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے۔

پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر 1 پر کوریج کرنے والے کیمرہ مینوں کی انٹری مرتب کردہ لسٹ کے ذریعے ہوگی، سیکیورٹی وجوہات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام صحافی حضرات سے گزارش ہے کہ اپنا پریس گیلری کارڈ ہمراہ رکھیں۔

مزید پڑھیں؛ قومی اسمبلی اجلاس کا وقت تیسری بار تبدیل، آج شام 6 بجے ہوگا

دوسری جانب، قومی اسمبلی اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس میں 26ویں آئینی ترمیم شامل نہیں ہے۔ ایجنڈے میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

جنرل سیلز ٹیکس میں بڑے پیمانے پر چوری اور غبن سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، توجہ دلاؤ نوٹس پیپلز پارٹی اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 6 بجے اور سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔