ڈاکوؤں کی پھرتی گذری میں بینک سے6 منٹ میں35لاکھ سے زائد لوٹ لیے

ملزمان تقریباً سوا11بجے بینک میں داخل ہوئے،فرار ہوتے وقت سیکیورٹی گارڈ کا رپیٹر بھی ہمراہ لے گئے، مقدمہ درج کرلیا گیا

گذری پولیس کے مطابق 6 مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر وہاں موجود عملے ، کھاتے داروں کو یرغمال بنایا۔ فوٹو: فائل

شہر قائد میں ٹارگٹ کلرز کے ساتھ ساتھ ڈاکو بھی سرگرم ہیں ، ڈاکوؤں نے گذری میں واقع بینک پر دھاوا بولا اور پھرتی دکھاتے ہوئے صرف6منٹ میں35لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے جس میں ڈاکوؤں کے چہرے بالکل واضح ہیں لیکن اس کے باوجود تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ، تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن شہر کراچی میں جہاں ایک جانب ٹارگٹ کلرز شہریوں کی جان لے رہے ہیں تو دوسری جانب ڈاکو بھی اپنی کارروائیوں میں آزادانہ اور بلاخوف و خطر مصروف عمل ہیں ، گذشتہ روز گذری میں ڈاکو نجی بینک سے 35 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔


گذری پولیس کے مطابق 6 مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر وہاں موجود عملے ، کھاتے داروں کو یرغمال بنایا اور سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا ، ڈاکوؤں نے بینک سے انتہائی اطمینان کے ساتھ رقم لوٹی اور صرف 6 منٹ میں رقم لوٹ کر موٹر سائیکلوں پر باآسانی فرار ہوگئے ، فرار ہوتے وقت سیکیورٹی گارڈ کا رپیٹر بھی ہمراہ لے گئے جوکہ انھوں نے کچھ دور آگے جاکر پھینک دی ، پولیس نے رپیٹر اپنے قبضے میں لے لی اور اس سے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔



بینک میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے بالکل واضح ہیں اور ان کی نقل و حرکت صاف دکھائی دے رہی ہے جس سے ان کی شناخت ممکن ہے لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہونے کے باوجود واقعے کی تحقیقات میں فوری طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ، گذری پولیس نے واقعے کا مقدمہ بینک منیجر مظاہر کی مدعیت میں الزام نمبر 98/13 بجرم دفعہ 395 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے ، مقدمے میں بینک سے لوٹ گئی رقم 35 لاکھ ، ایک ہزار 590 روپے لکھوائی گئی ہے ، ملزمان تقریباً سوا گیارہ بجے بینک میں داخل ہوئے اور 6 منٹ بعد فرار ہوگئے جبکہ گذری پولیس کو واقعے کی اطلاع تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ملی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔
Load Next Story