عرب  لیگ نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

ایران کی دھمکیوں کے بعد پیدا ہونے والی کسی بھی مشکل میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے، عرب لیگ

اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک سنجیدہ قدم اٹھانا ہمارے لیے ضروری ہے، سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر، فوٹو: عرب نیوز

RAWALPINDI:
عرب لیگ نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کی، اجلاس میں عرب لیگ کے 22 ارکان ممالک میں سے 20 ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی تاہم لبنان اور عراق کے وزارئے خارجہ موجود نہیں تھے، اطلاعات ہیں کہ لبنان کو اس اجلاس کے ایجنڈے پر تحفظات تھے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے عرب لیگ کے اجلاس میں کہا کہ اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک سنجیدہ قدم اٹھانا ہمارے لیے ناگزیر ہوگیا ہے، جواب میں اجلاس میں شریک تمام ممالک کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کو اس کے تحفظ کی یقین دہانی، ایران اور حزب اللہ پر گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔


وزرائے خارجہ نے کہا کہ وہ ایران کی دھمکیوں کے بعد پیدا ہونے والی کسی بھی مشکل میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ایران کو خبردار کیا جائے گا کہ وہ عرب ممالک کے درمیان مداخلت سے باز رہے، حزب اللہ اور حوثی جنگجوؤں کی پشت پناہی بند کردے ساتھ ہی اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے ایران کی جارحیت کا معاملہ اٹھایا جائے۔

دوران اجلاس بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد الخلیفہ نے کہا کہ ہم ممالک کو روکنا ہوگا کہ وہ حزب اللہ کے شراکت دار نہ بنیں جیسا کہ لبنان ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ لبنان کو دہشت گرد تنظیم حزب اللہ نے اپنے کنٹرول میں کیا ہوا ہے۔

Load Next Story