بھارتی وزیر پر کھلے عام رفع حاجت پر شدید تنقید
بھارتی وزیر کو کھلے عام کھیت میں پیشاب کرنے پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ اپوزیشن نے وزیراعظم نریندر مودی کی ٹوائلٹ مہم کو ناکام قراردے دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کےمطابق بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر پانی رام شندے اس وقت شدید تنقید کی زد میں آگئے جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں ان کو مہاراشٹر کے کھیتوں میں کھلے عام پیشاب کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے یہ کام ایسے وقت کیا جب حکومت کی جانب سے لوگوں کو بیت الخلا استعمال کرنے کی ترغیب کیلئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔
حزب اختلاف کی جماعت نیشنلسٹ کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر کا کھلے عام پیشاب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس علاقے میں ٹوائلٹ میسر نہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کی ٹوائلٹ مہم ناکام ہوچکی ہے۔ وزیرپانی رام شندے کا اپنے دفاع میں کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ماہ سے زرعی اسکیم کی نگرانی کے لیے سفر کر رہے ہیں، مسلسل سفر اور سخت گرمی و دھول کے باعث طبیعت خراب ہوگئی اور قریب کے علاقوں میں ٹوائلٹ نہ ہونے کے باعث کھیت میں پیشاب کیا۔
واضح رہے کہ بیت الخلاء سے محروم ممالک کی فہرست میں بھارت کا پہلا نمبرہے جہاں کی 60 فیصد سے زیادہ آبادی ٹوئلٹس سے محروم ہے۔