ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید

کولاچی کے علاقے میں دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران میجر اسحاق شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

میجر اسحاق کی عمر 28 سال اور خوشاب سے تعلق تھا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے ایک اور سپوت میجر اسحاق نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر اسحاق کی عمر 28 سال اور خوشاب سے تعلق تھا۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔








میجر اسحاق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے پاک فوج کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور ہم مادر وطن کی حفاظت کا مقدس فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : دھرنے سے متعلق حکومت کے فیصلے پر عمل کریں گے، ترجمان پاک فوج



دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شہداء ہمارے خاندان کا حصہ ہوتے ہیں ہم ان کے جنازوں میں شرکت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ آسان نہیں، پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہورہے ہیں اور یہ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پر ہورہے ہیں، آنے ولے دنوں میں یہ آپریشن مزید بہترہوگا، قوم کی حمایت کے بغیر کوئی بھی فوج کامیاب نہیں ہوسکتی، افغانستان کی حالت سب کے سامنے ہے، افغانستان کی صورتحال وہاں کی حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے،اسی وجہ سے وہاں سیکیورٹی خلاء ہے۔ افغانستان کی سرحد کے گرد باڑ لگائی جارہی ہے، جب تک دوسری طرف سےاقدامات نہیں ہوتے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
Load Next Story