اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ کی ذمہ داری واپس لے لی گئی

اسحاق ڈار نے ناسازی طبیعت کے باعث وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے سے متعلق وزیراعظم کو خط لکھا تھا

اسحاق ڈار سے واپس لی گئی ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی،فوٹو:فائل

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسحاق ڈار نے طبعیت کی ناسازی کے باعث وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چھٹی سے متعلق خط لکھا جس پر سابق وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کی چھٹیاں منظور کرتے ہوئے ان سے تمام ذمہ داریاں واپس لے لیں۔

وفاقی وزرا اور وزیر مملکت کی چھٹی اور استحقاق سے متعلق رولز 17 (1) 1975 کے مطابق انہیں چھٹی دی گئی ہے، رولز کے تحت یہ چھٹی زیادہ سے زیادہ 3 ماہ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ اسحاق ڈار سے واپس لی گئی ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی اور مشاورت کے بعد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان کسی اور شخص کودینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزیرخزانہ اسحاق ڈار کوعہدے سے ہٹانے کا امکان


ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں ایک وزیر مملکت کو خزانہ کا چارج دیا جائے گا تاکہ اسمبلی اور سینیٹ کے امور کو نمٹایا جا سکے لیکن وزارت توانائی اور پٹرولیم کی طرح وزارت خزانہ بھی وزیراعظم کے پاس ہی رہے گی۔

اسحاق ڈار گزشتہ کئی دنوں سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا عارضہ قلب کا علاج جاری ہے جب کہ ڈاکٹروں نے انہیں ناسازی طبعیت کے باعث سفر کرنے سے منع کیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنسز میں فردجرم عائد کررکھی ہے جب کہ مقدمات سے مسلسل غیر حاضری پر انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے۔

Load Next Story