ہر ایک رخ سے ہے کامل حضور ؐ کی سیرت

آپؐ اللہ کے حبیب ہیں، روز قیامت علَمِ حمد آپؐ کے ہاتھ ہوگا جس کے سائے میں جملہ انبیائے کرامؑؑ ہوں گے۔

اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں یکتا، منفرد، بے مثل، لاثانی اور صفات میں کامل، جامع اور بے مثال ہے۔ فوٹو: فائل

CHITRAL:
آپ ؐ نے انسانیت کی جھولی میں اخلاق عظیم کے جواہرات بھرے۔ مظلوم کو ظالم سے نجات دلائی۔ جاہل کو علم سے آراستہ کیا۔ اونٹ چرانے والے ہدی خوانوں کو انسانیت کا پاسبان و نگہ بان بنایا۔ جو دنیا کے دیوانے تھے انہیں اللہ کا سودائی بنایا۔ جو نفس پرست تھے انہیں خداپرست بنایا۔ جو مجاور تھے انھیں مجاہد بنایا۔ جو آپس میں غضب ناک تھے انہیں رحم کرنے والا بنایا۔ سراپا گفتار کو کردار کا غازی بنایا

مفتی غلام مصطفیٰ تبسّم

رب ذوالجلال نے کائنات کی مختلف اشیاء میں ایک کشش پیدا کردی ہے۔ اگر یہ کشش دو جان داروں کے درمیان ہو تو اسے میلان کہتے ہیں۔ یہی میلان جب زیادہ ہوجاتا ہے تو محبّت کہلاتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ جب بیج کو زمین میں بویا جائے تو وہ زمین کے اندر مستور ہوجاتا ہے، اس پر بارش پڑتی ہے، آفتاب چمکتا ہے تو پھر وہ اُگتا ہے اور اس میں خوش نما پھول اور خوش ذائقہ پھل لگتے ہیں۔ اسی طرح جب محبّت کا بیج دل کی زمین میں پڑتا ہے تو یہ نشو و نما پاتا ہے پھر کیفیات کے پھل پھول اور برگ و بار اس میں اُگتے ہیں۔

قاضی محمد سلیمان منصور پوری فرماتے ہیں: '' محبّت ہی قوّت قلب ہے، محبّت ہی غذائے روح ہے، محبّت ہی قرۃ العین ہے، محبّت ہی حیات الابدان، دل کی زندگی، زندگی کی کام یابی بل کہ کام یابی کو دوام بخشنے والی ہے، غرض محبّت ہی سب کچھ ہے۔''

خواجہ بایزید بسطامیؒ فرماتے ہیں: '' محبّت یہ ہے کہ اپنے کثیر کو قلیل جانے اور محبوب کے قلیل کو بھی کثیر جانے۔''

بعض محققین کا خیال ہے کہ محبّت کی تعریف نہیں کی جاسکتی، اس کی یافت محض وجدان ہی سے ہوسکتی ہے۔ لہٰذا محبّت کی تعریف خود اس کا وجود ہے۔ چوں کہ محبّت ایک جذبہ ہے اور جذبے کا ادراک ذوق وجدان سے ہوسکتا ہے، نہ کہ عقل سے۔ اسی لیے خواجہ رازیؒ فرماتے ہیں: '' محبّت ایک حال ہے اس کی تعبیر الفاظ سے نہیں ہوسکتی۔''

اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں یکتا، منفرد، بے مثل، لاثانی اور صفات میں کامل، جامع اور بے مثال ہے۔ آسمانوں اور زمینوں کا اور اس کے جمیع خزانوں کا تن تنہا مالک ہے۔ اس نے مخلوقات خاص کر انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ پھر حضرت انسان پر تو نعمتوں کی موسلادھار بارش برسادی۔ ہدایت، اعضائے جسمانی، سماعت، بصارت، گویائی، عقل، صورت و سیرت، صحت، عزت، غرض ضروریات زندگی اور بشری تقاضوں کے اعتبار سے ہر نعمت سے سرفراز فرمایا۔ اس سب کے باوجود حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اتنی بے شمار نعمتوں کے عطا کیے جانے کے بعد بھی احسان نہیں جتلایا گیا، تاہم ایک نعمت دے کر احسان جتلایا گیا۔

ارشاد خداوندی، مفہوم : '' اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں پر احسان فرمایا کہ ان میں ان ہی میں سے ایک رسولؐ کو بھیجا۔'' ( سورۃ آل عمران )

یقینا اس میں کوئی شک نہیں کہ نبی آخرالزماںؐ کی تشریف آوری انعام و احسان الٰہی ہے۔ انسان کی فطرت ہے کہ اسے جس طرح انعام بھاتا ہے، اسی طرح سے انعام دینے والے سے بھی محبّت ہوا کرتی ہے۔ نتیجتاً اہل ایمان کو اللہ تعالیٰ سے بھی بے انتہا محبّت ہے اور اس کے محبوبؐ سے بھی شدید محبّت ہے۔ جیسا کہ اس کی تائید اس حدیث شریف سے بھی ہوتی ہے، مفہوم : ''اللہ تعالیٰ سے محبّت کرو کہ اس نے تمہیں نعمتیں دیں اور چوں کہ اللہ تعالیٰ کو مجھ سے محبّت ہے لہٰذا تم بھی مجھ سے محبّت کرو۔''


جو حُبِ رسولؐ سے سرشار ہوگا، وہی صحیح معنوں میں انعام الٰہی کی قدردانی کرنے والا قرار پائے گا۔ جو بھی حُبِ رسولؐ سے سرشار ہوتا ہے بحر وبر اس کے دامن کے ایک کونے میں سما جاتے ہیں۔ نبیؐ سے نسبت نصیب ہونا درحقیقت نسبت الٰہی کا حاصل ہونا ہے۔

'' اے محبوب (ﷺ) آپ فرما دیجیے کہ اگر تم اللہ سے محبّت کرتے ہو تو میری اتباع کرو، اللہ تم سے محبّت کرے گا اور تمہارے گناہوں کو بخش دے گا۔''

( سورۃ آل عمران )

نبی کریمؐ کی محبّت دنیوی اور اخروی کام یابیوں کے حصول کی کلید ہے۔ اس سے رحمت الٰہی موسلادھار بارش کی طرح برستی ہے، بل کہ یہی سعادت مند ہونے کی نشانی ہے۔ اگر مسلمان کے دل میں اللہ جل شانہ اور سید الانبیاؐء کی محبّت اپنی تمام تر رعنائیوں اور تابانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہوجائے تو پھر ہٖفت اقلیم بھی اس کے سامنے ہیچ ہے۔

محمد مصطفی، احمد مجتبیٰ ؐ کی ذات بابرکات تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئی۔ وہ محسن انسانیتؐ جس نے مذہبی اداروں میں شخصیت پرستی کے بہ جائے خداپرستی قائم کی۔ جس نے اعتقادات کی توہمات کے بہ جائے حقیقت پر بنیاد رکھی۔ جس نے کائنات کو مسخر کرنے کا سبق دیا۔ جس نے سیاسیات میں نسلی و موروثی بادشاہت کے بہ جائے شورائی نظام کا راستہ دکھایا۔ جس نے علم کی دنیا میں خیال آرائی کے بہ جائے حقیقت نگاری کی طرح ڈالی۔ جس نے سماج کی تنظیم کے لیے ظلم کے بہ جائے عدل کی تعلیم دی۔ آپ ؐ نے انسانیت کی جھولی میں اخلاق عظیم کے جواہرات بھرے۔ مظلوم کو ظالم سے نجات دلائی۔ جاہل کو علم سے آراستہ کیا۔ اونٹ چرانے والے ہدی خوانوں کو انسانیت کا پاسبان و نگہ بان بنایا۔ جو دنیا کے دیوانے تھے انہیں اللہ کا سودائی بنایا۔ جو نفس پرست تھے انہیں خداپرست بنایا۔ جو مجاور تھے انھیں مجاہد بنایا۔ جو آپس میں غضب ناک تھے انہیں رحم کرنے والا بنایا۔ سراپا گفتار کو کردار کا غازی بنایا۔ اس خاصہ خاصان رسلؐ کے ساتھ محبّت و عشق کا ہونا، ایمان کی شرائط میں سے ہے۔

انسان کی فطرت ہے کہ وہ دوسروں کے خصائص و کمال، حسن و جمال، محاسن اور کردار سے متاثر ہوکر ان سے محبّت کرنے لگتا ہے۔ فخر رسلؐ کو رب کائنات نے وہ بلند شان، مقام اور مرتبہ عطا کیا کہ آپؐ کو ہر خوبی، اکمل ترین عطا کی گئی۔ اسی وجہ سے ہر مومن اپنے پیارے تاج دار مدینہؐ سے بے ساختہ محبّت و پیار کرتا ہے۔ حُب رسولؐ کی بنیادی اور سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آپؐ رب العالمین کے بھی محبوب ہیں۔ قرآن مجید نبی اکرمؐ کے کمال و جمال پر سب سے بڑا گواہ ہے۔ جس طرح قرآن مجید کے علمی عجائبات کی انتہا نہیں، اسی طرح سیرت نبویؐ کے عملی عجائبات کی حد نہیں۔ ایسی مبارک ہستی سے محبّت ہونا فطری تقاضا ہے۔

کسی سے محبّت اور اس پر فریفتہ ہونے کی ایک وجہ حسن و جمال بھی ہے۔ انسان خوب صورت شخصیت کو دیکھے تو دل بے اختیار اس کی طرف کھنچ جاتا ہے۔ نبی اکرمؐ کو اللہ تعالیٰ نے ایسا حسن و جمال عطا کیا تھا کہ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ حدیث میں ہے، مفہوم: '' اللہ تعالیٰ خوب صورت ہیں اور خوب صورتی کو پسند کرتے ہیں۔'' جب ذات الٰہی خوب صورتی کو پسند فرماتی ہے تو جس ذات کو اس نے اپنا محبوب بنایا، اس ذات کو کتنا حسن و جمال عطا کیا ہوگا۔

آپؐ اللہ کے حبیب ہیں، روز قیامت علَمِ حمد آپؐ کے ہاتھ ہوگا جس کے سائے میں جملہ انبیائے کرامؑؑ ہوں گے۔ آپؐ شفیع محشر ہیں، آپؐ اور آپؐ کی امت سب سے پہلے جنت میں داخلے کے اعزاز سے مشرف ہوگی، اولین و آخرین میں آپؐ ہی سب سے زیادہ مکرم و محترم ہیں۔ آپ خاتم النبیینؐ ہیں۔ دنیا کو اعلیٰ اخلاق کا درس دینے کے لیے آپؐ مبعوث ہوئے۔ عربی ضرب المثل ہے۔ ''انسان احسان کا غلام ہوجاتا ہے۔'' بہ الفاظ دیگر انسانی ہی نہیں حیوانی فطرت بھی ہے کہ جو ان پر احسان کرے اس سے محبّت کرتے ہیں۔ امت پر نبیؐ کے اتنے اور اس قدر احسانات ہیں کہ ان کا احاطہ مشکل ہے۔ نبی اکرمؐ مومنین کے ساتھ حد درجہ شفقت کرنے والے ہیں، آپؐ کی ہم دردی اور دل سوزی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ آپؐ ساری رات عبادت کرتے اور اپنی گناہ گار امت کے لیے دعائیں مانگتے حتیٰ کہ قدم مبارک پر ورم آجاتا۔ آپؐ قاسم العلوم و البرکات ہیں، نبی اکرمؐ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو علم و معارف اور انوار و برکات ملتے وہ آپؐ صحابہ کرامؓ میں منتقل فرما دیا کرتے۔

اللہ تعالی ہمیں اسوۂ رسول کریم ﷺ پر چلنے کی سعادت و توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین

 
Load Next Story