پے درپے ناکامیاں ہاکی فیڈریشن نیا ٹیلنٹ تلاش کرے گی

عالمی سطح پر موجودہ کھلاڑیوں سے مایوس کےباعث پی ایچ ایف نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا پروگرام بنالیا

عالمی سطح پر موجودہ کھلاڑیوں سے مایوس کےباعث پی ایچ ایف نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا پروگرام بنالیا؛فوٹوفائل

ISLAMABAD:
عالمی سطح پر موجودہ کھلاڑیوں سے مایوس کےباعث پی ایچ ایف نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا پروگرام بنالیا۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ سکھر میں شیڈول قومی ہاکی چیمپئن شپ سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے ترجیحی بنیادوں پر ان کی گرومنگ کی جائیگی،گیم میں مکمل طور پر مہارت رکھنے اور غیر معمولی فٹنس کے حامل پلیئرز کو ہی کامن ویلتھ گیمز اور ورلڈ کپ سمیت آئندہ برس شیڈول انٹرنیشنل ایونٹس میں ملکی ٹیم کی نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کی تلاش کا کام 25نومبر سے عبدالستارایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی سے شروع ہوگا اور8 دسمبر کو جنرل موسی ہاکی اسٹیڈیم بلوچستان میں ختم ہو گا، ٹرائلز کی نگرانی صوبائی ایسوسی ایشنز کے بجائے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ خود کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں سے مطمئن نہیں ہے، مسلسل ناکامیوں کے بعد حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے سلیکشن کمیٹی کو ہر بار30 سے35 کے قریب کھلاڑیوں کے پول میں سے حتمی اسکواڈ کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔


پلیئرز کے درمیان مقابلے کی فضا نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ تو بننے میں کامیاب رہتے ہیں تاہم انٹرنیشنل مقابلوں میں وہ غیرمعمولی کھیل پیش نہیں کر پاتے جس کا خمیازہ ٹیم کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کے پول کو بڑھائے بغیر انٹرنیشنل ایونٹس میں کامیابی کا حصول ممکن نہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئندہ برس پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے خاصی اہمیت کا حامل ہے، گرین شرٹس نے نہ صرف بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ بلکہ کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز سمیت متعدد اہم ایونٹس میں بھی شرکت کریں گے، مستقبل کے اسٹارز ڈھونڈنے کے لیے 15 دسمبر سے سکھر میں قومی ہاکی چیمپئن شپ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیڈریشن حکام کا خیال ہے کہ صوبائی سطح پر سفارش کا کلچرعام ہونے کی وجہ سے باصلاحیت کھلاڑی آگے نہیں آ پاتے، اس سسٹم کو ختم کرنے کے لیے چاروں سینٹر میں ٹرائلز کی نگرانی پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ حسن سردار دیگر ارکان کے ساتھ خود کریں گے،انھی کھلاڑیوں میں سے چیمپئن شپ کے لیے صوبائی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔

ٹرائلز کے موقع پر صوبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداراور کوچز کو مدعو ضرور کیا گیا ہے تاہم کھلاڑیوں کے انتخاب کا اختیار پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے پاس ہی ہوگا تاہم صوبائی ایسوسی ایشنز کو ٹیموں کے کوچز او منیجرز لگانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ٹرائلز کا آغاز25 نومبر سے عبدالستارہاکی اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، حسن سردار کی سربراہی پر قائم سلیکشن کمیٹی دو روزہ ٹرائلز میں حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کریگی، کے پی کے کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 29 اور30 نومبر کومردان اسپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے، 3 اور 4 دسمبر کو ٹرائلز جوہر ٹائون ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں رکھے گئے ہیں جبکہ 8 دسمبر کو بلوچستان کے کھلاڑیوں کا انتخاب جنرل موسی ہاکی اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ ہاکی گول کیپر عمران بٹ کیلیے مشکل وقت ٹلنے کا امکان ہے، ہاکی فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے تربیتی کیمپ میں عمران بٹ کو بلانے کا گرین سگنل دے دیا، فٹنس بہتر ہوئی تو ٹیم میں بھی شامل کر لیے جائیں گے،گول کیپر عمران بٹ نے رواں سال فروری میں تب کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید پر سنجیدہ الزامات لگائے اورکہا کہ گرین شرٹس ان کی کوچنگ میں جیتنے کی بجائے تنزلی کا شکار ہوگی۔ میڈیا میں عمران بٹ کی بیان بازی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی گئی، اس کے بعد گول کیپر کسی تربیتی کیمپ میں جگہ بھی نہیں بنا سکے۔
Load Next Story