اسلامی فوجی اتحاد دنیا سے دہشت گردوں کا خاتمہ کردے گا سعودی ولی عہد

اکتالیس اسلامی ممالک نے فوجی، مالی اور انٹیلی جنس تعاون کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، سعودی وزیر دفاع

اکتالیس اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا یہ پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے، فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا اس وقت تک پیچھا کریں گے جب تک دنیا سے ان کا صفایا نہیں ہوجاتا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس ہوا۔ جس میں 41 ممالک کے وزرائے دفاع، سفیران اور سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، چند روز قبل ہی اس اتحاد کی آفیشل ویب سائٹ کا بھی اجرا کردیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کے دوران سعودی وزیر دفاع اور ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ہمارے تمام ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، ان ممالک کے قومی اداروں کے درمیان تعاون کا فقدان تھالیکن نئے اتحاد کے بننے کے بعد اس فقدان کا آج آخری دن ہے۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے عمل سے اسلام کی شکل مسخ کرنے کی کوشش کریں، آج ہم نے دہشت گردوں کے تعاقب کا آغاز کردیا ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ دہشت گرد بہت سے ممالک بالخصوص اسلامی ممالک کو شکست دینے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، لیکن ہم دہشت گردوں سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک انہیں شکست نہ ہوجائے، دہشت گرد نا صرف ہمارے لوگوں کو مار رہے ہیں بلکہ وہ نفرت پھیلانے اور اسلام کی ساکھ کو نقصان پہنچانے میں بھی مصروف ہیں۔




سعودی ولی عہد نے بتایا کہ فوجی اتحاد میں شامل 41 ممالک نے اس اتحاد کے لیے ملٹری، مالی، انٹیلی جنس اور سیاسی تعاون فراہم کرنے کے لیے ''کلیئر سگنل'' دے دیا ہے۔

یہ پڑھیں: یہ اتحاد کسی ملک یا مسلک کے خلاف نہیں، راحیل شریف

خیال رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کولیشن (آئی ایم سی ٹی سی) کا اعلان دو برس قبل دسمبر 2015 میں کیا گیا تھا تاہم آج اس کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا ہے جب کہ پاکستان کےسابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو اس اتحاد کا کمانڈر انچیف بنایا گیا ہے۔
Load Next Story