لیموں کے 14 کرشمے

من مسند پھل کے حیرت انگیز فوائد جان لیجیے

یہ ترش پھل خاص طور پر خاتون خانہ کو گھر میں پسندیدہ شخصیت بنا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لیموں گرمیوں میں اپنے کھٹے رس کی بدولت پاکستان اوردیگر ممالک میں بہت زیادہ استعمال ہونے والا پھل ہے۔ مگر یہ پھل کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی روزمرہ زندگی میں انسان کی بہت مدد کر سکتا ہے؟

درحقیقت یہ ترش پھل خاص طور پر خاتون خانہ کو گھر میں پسندیدہ شخصیت بنا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لیموں کے چند ایسے حیرت انگیز فوائد پیش خدمت ہیں۔

کیڑے باورچی خانے سے دور رکھیے

اب آپ کو مہنگے اسپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کوباورچی خانے سے بھگا سکے۔ سب سے پہلے تو لیموں کا عرق کچھ مقدار میں فرش اور دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں۔ اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس عرق کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔ لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کے لیے بھی کارآمد ہے،اس سلسل میں سب سے پہلے چار لیموں کا عرق چھلکوں سمیت دو لیٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھولیں۔ آپ خود لال بیگوں کووہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گے کیونکہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے

المونیم کے برتن چمکائیے

اپنی بدنما پتیلیوں اور برتنوں کو اندر اور باہر سے چمکانا چاہتے ہیں تو لیموں کو آدھا کاٹ کر اسے برتن پر ہر جگہ رگڑیں اور پھر کسی نرم کپڑے سے پونچھ دیں۔

مائیکرو ویو کی صفائی

مائیکرو ویو کے اندر اکثر چکنائی اور دیگر چیزیں جم جاتی ہیں ۔آپ ان کی صفائی اگر کھرچے یا کسی تیز کلینر سے نہ کرنا چاہیں تو تین چائے کے چمچ لیموں کے عرق کو ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کرکے کسی مائیکرو ویو میں رکھے جانے والے ڈونگے میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مائیکرو ویو کو پانچ سے دس منٹ تک چلائیں جس سے پیدا ہونے والا دھواں اندرونی دیواروں اور چھت میں جذب ہوجائے گا ۔اس کے بعد جم جانے والی چکنائی یا دیگر دھبے نرم ہوجائیں گے جنھیں صاف کرلیں۔

چھائیاں ختم کریں

جب آپ کے پاس لیموں کا عرق ہے تو مہنگی کریموں کو کیوں خریدتے ہیں؟ چہرے یا جسم پر چھائیاں پڑجانے پر لیموں کے عرق کو براہ راست متاثرہ حصے پر لگا کر پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں۔ یہ جلد کو جگمگانے والا ایک محفوظ اور موثر پھل ہے۔

چہرے کی صفائی

آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

خشکی سے نجات

اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کررکھا ہے تو اس سے نجات پانے کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا عرق ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھولیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہوجائے۔

خراشیں صاف کریں


جسم پر چھوٹی خراشیں پڑ جانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا عرق ڈالیں یا روئی کو عرق میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔

مسّوں سے نجات

اگر آپ نے مسوں سے نجات کے لیے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے عرق کو براہ راست اس جگہ پر لگائیں۔ اس عمل کو کئی دن تک دہرائیں۔ لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل کردیں گے۔

کپڑے بلیچ کرنا

گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا رس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں۔

سفید کپڑوں کی سفیدی

اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا عرق کپڑے دھونے والے پانی میں ملادیں، آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جبکہ ان میں لیموں کی خوشبو بھی بس جائے گی۔

سنگ مرمر کی صفائی

سنگ مرمرکے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کے لیے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا عرق ڈال دیں۔پھر اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر مذید سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں۔ اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔

آبی دھبوں کی صفائی

پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں۔ان کی صفائی کے لیے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑئیے، اس عمل کے بعد وہ چمکنے لگیں گے اور بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔

فریج کی بدبو

فریج میں بس جانے والی بو ختم کرنے کے لیے لیموں کے عرق سے کسی روئی یا اسفنج کو بھگوئیں اور اسے کچھ گھنٹوں کے لیے فریج کے اندر چھوڑ دیں۔ اس دوران یہ بات یقینی بنائیے کہ کوئی بو پیدا کرنے والی چیز فریج میں نہ ہو۔

فرنیچر پہ پالش

اپنے گھر کے فرنیچر کے لیے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ بس لیموں سے عرق نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں۔ ہلانے کے بعد اس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں، آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔n

 
Load Next Story