نگراں وزیراعظم کیلئے 3 نام کل وزیراعظم کو بھجوا دیئے جائیں گے چوہدری نثار
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے ہمارے دیئے گئے نام حکومت کو مذاق لگ رہے ہیں لیکن میں اس عہدے کے لئے جہانگیر بدر یا قمر زمان کائرہ کا نام تو نہیں لے سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں حکومت کو اپنے کئے گئے مذاق نظر نہیں آ رہے، سندھ میں ایم کیو ایم کو 5 سال اقتدار کا حصہ بنانے کے بعد 10 دنوں کے لئے اپوزیشن میں بھیج دینا اور اب اسی جماعت کے ساتھ مشاورت کرنا ان کو مذاق نہیں لگتا۔
چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ ملک کے تمام با اعتبار ادارے عدلیہ، الیکشن کمیشن یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہم نے جو یہ 3 نام دیئے ہیں وہ قومی مفاد میں ہیں یا اس میں ہمارا کوئی سیاسی مقصد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے ہم نے پنجاب میں بھی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اوراس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام جماعتوں سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف انتخابات ہوں اور اس میں مسلم لیگ(ن)بطور اپوزیشن اور بطور پنجاب کی حکمران جماعت کے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔